|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2019

کوئٹہ:  سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے عمران خان کی حکومت کو رانگ نمبر قرار دے دیا۔ اپنے روایتی انداز میں کہا کہ حکومت کا پہیہ گول نہیں بلکہ تکونی ہے اس لیے نہیں چل سکتا۔گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی ایک بار پھر اپنے روایتی انداز میں سامنے آئے۔ 

اپنے مخصوص انداز میں عمران خان حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ وفاقی حکومت رائٹ نہیں رانگ نمبر ہے۔عمران خان الیکٹڈ نہیں بلکہ سیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔ نواب صاحب نے وفاقی حکومت کی کارکردگی کو غیر مطمئن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی گاڑی کا پہیہ آگے نہیں چل سکتاکیونکہ اس کا پہیہ گول نہیں تکونی ہے ۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان مزید کہا کہ ملک میں دو متوازی حکومتیں نہیں چل سکتیں ملک میں ادارے اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے جمہوری منتخب حکومت کو چلنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حزب اختلاف کے فنڈز بند کرکے جن علاقوں سے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیکر اسمبلی میں بھیجا ہے انکا استحصال کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت یا عدلیہ کمیشن قائم کرے میں اپنے پانچ سالہ دور حکومت کا حساب دینے کو تیار ہوں انہوں نے کہا کہ عوام بہتر سے بہتر کی تلاش میں ہیں اور ان کی جستجو آخری دن تک یہی رہے گی۔