|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2019

 کراچی: پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد  پشاور زلمی  کو شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے 187 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم7 وکٹوں پر 176 رنز بنا سکی۔

اس سے قبل زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کوئٹہ کے لیے آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 3 رنز پر اس کی پہلی وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری جو ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے تاہم پہلے نقصان کے بعد شین واٹسن اور احسن علی نے زبردست لاٹھی چارج کیا اور بولرز پر ٹوٹ پڑے، دونوں پلیئرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی، 114 کے مجموعے پر شین واٹسن 71 رنز پر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے نصف درجن چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

 

پارٹنرشپ ٹوٹنے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور رنز کی رفتار کم ہوگئی تاہم گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 186 رنز بنا لیے جو کہ فائٹنگ ٹوٹل ہے، احسن علی 46، روسو 11، عمر اکمل 22 اور سرفراز احمد 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ براؤ 12 اور محمد نواز 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، پولارڈ اور ثمین گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔