|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2019

کوئٹہ: احتساب عدالت میں کرپشن کے مختلف کیسز کی سماعت ہوئی ۔ ایک کیس میں سابق وفاقی سیکرٹری برائے پانی و بجلی شاہد رفیع کی پیشی سے استثنیٰ اور دوسرے کیس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ قمبر دشتی کی بریت سے متعلق درخواستیں منظور کرلی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کواحتساب عدالت کوئٹہ 2 کے جج جناب پذیر احمد بلوچ نے اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کیس کی سماعت کی دوران سماعت ریفرنس میں نامزد ملزمان سابق منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو )طاہر بشارت چیمہ ودیگر عدالت کے رو برو پیش ہوئے تاہم سابق وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کی استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی جسے عدالت کے جج نے منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کی حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔ 

سماعت کے دوران نیب کی جانب سے اسپیشل پراسکیوٹر ضمیر احمد چھلگری پیش ہوئے ، بعد ازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی ۔ دوسری جانب گزشتہ روز احتساب عدالت کوئٹہ II کے جج کے رو برو سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے سے متعلق دائر ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی ۔ 

سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے ملزم کو کیس کی نقولات فراہم کردی گئیں بعد ازاں عدالت نے ریفرنس کی سماعت 20 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی ۔ ملزم پر آئندہ سماعت کے دوران فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے ۔ یاد رہے کہ سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ شیر زمان ترین پر 62 کروڑ روپے سے زائد کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے ۔

احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی نے اراضی اسکینڈل ریفرنس کی سماعت کی سماعت کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و سابق کمشنر کوئٹہ قمبر دشتی سمیت دیگر نامزد ملزمان عدالت کے رو برو پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے ریفرنس کی پیروی کی ۔

سماعت کے دوران عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ قمبر دشتی کی بریت سے متعلق دائر درخواست منظور کرلی تاہم 2 ملزمان صلاح الدین اور سلام آغا کی بریت سے متعلق درخواستیں خارج کردی ، بعد ازاں ریفرنس کی سماعت 22 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی گئی ۔

علاویں ازیں بدھ کو احتساب عدالت میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن کیس کی سماعت ہوئی ، سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن قاسم بلوچ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، سماعت کے دوران 2 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ان پر جاری مکمل کی گئی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔