کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے چمن میں پیر کے روز بم دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
نامعلوم عسکریت پسندوں نے چمن کے ڈپٹی کمشنر کے آفس کے باہر پارکنگ میں موٹر سائیکل میں بم نصب کیا تھا۔
چمن کے پولیس افسر اشرف کاکڑ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کا آفس اور ارد گرد واقعے سیکورٹی اداروں کی عمارتیں بم کا ہدف تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین بھی زخمی ہوگئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال چمن منتقل کردیا گیا۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔