|

وقتِ اشاعت :   March 15 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بم دھماکے سے دو افراد ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے سات گاڑیاں اور تین موٹرسائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔پولیس کے مطابق جمعرات کی دوپہر کوئٹہ سے تقریباً پانچ سو کلو میٹر دور پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول کے قریب واقع ایک موٹر گیراج میں دھماکا ہوا۔دھماکے کی شدت سے علاقے میں خو ف وہراس پھیل گیا اور بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔ 

گیراج میں پٹرول کی موجودگی کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور وہاں موجود گیس سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔ پنجگور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جمیل احمد باجوئی کے مطابق واقعہ کے وقت گیراج اور اس کے اطراف میں رش تھا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے سے وہاں موجود افراد کو بھاگنے کا موقع نہیں ملا اور ان میں سے دو افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ نو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیاگیا۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ 

جاں بحق ہونیوالے دونوں افراد کی لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ گاڑیاں مکمل، دو گاڑیاں جزوی اور تین موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ڈی پی او کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب دو سے تین کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ موٹر سائیکل نامعلوم دہشتگرد وہاں کھڑی کرکے فرار ہوگئے تھے۔ 

جمیل احمد باجوئی نے بتایا کہ حملے کا ہدف کالعدم تنظیم کے وہ ارکان تھے جو کچھ عرصہ قبل ہتھیار ڈال کر حکومت کے سامنے تسلیم ہوگئے تھے۔ یہ افراد خراب گاڑی بنانے کیلئے گیراج آئے تھے۔ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں زاہد ولد حاجی محمد علی،ہوٹل مالک در محمد ولد گل محمد،عبداللہ ولد حبیب ،جہانزیب ولد محمد رفیق،امید علی ولد فضل،عبدالحلیم ولد نبی بخش،عبدلرزاق ولد غلام حسین ،نور احمد ولد مولا بخش،بدل خان ولد اسماعیل شامل ہیں۔