کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پی ایس ڈی پی میں اپوزیشن اراکین کے ممکنہ فنڈز کی کٹوتی سے متعلق صورتحال کا جائزہ اور کٹوتی کیخلاف بلوچستان اسمبلی کے اندر اور باہراحتجاجی تحریک چلانے کیلئے حکمت عملی وضح کی گئی۔
پیر کے روز سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائمقام صدر ملک ولی کاکڑ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی،بلوچستان اسمبلی میں بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، اراکین اسمبلی میر حمل کلمتی، اختر حسین لانگو، اقلیتی رکن ٹائٹس جانسن، پارٹی رہنماء جہانزیب بلوچ، اور جمعیت کے اراکین اسمبلی عبدالواحد صدیقی اور اصغر ترین شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین کا بنیادی استحقاق ہے کہ انہیں یکساں طور پر فنڈز فراہم کئے جائیں اور پی ایس ڈی پی میں اپوزیشن کے فنڈز برسر اقتدار حکمرانوں کے برابر ہونے چائیں تاہم صوبائی حکومت اپوزیشن اراکین کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے سے گریز کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ڈی پی میں اپوزیشن اراکین کے فنڈز کی ممکنہ کٹوتی کیخلاف حزب اختلاف کی جماعتیں احتجاج کے تمام جمہوری ذرائع استعمال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں احتجاجی تحریک چلانے کیلئے حکمت عملی وضح کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ 25 مارچ کو طلب ہونے والے اسمبلی اجلاس سے قبل آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ کے اندر اپوزیشن اراکین کا یہ تیسرا اجلاس تھا۔
بلوچستان اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ، پی ایس ڈی پی میں یکساں فنڈز دینے کا مطالبہ
وقتِ اشاعت : March 19 – 2019