کوئٹہ: نیشنل پارٹی، ملی مسلم لیگ کے رہنماؤں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے کسی قسم کی دہشتگردی پر یقین نہیں رکھتا ، بھارت نے پاکستان کا دفاع دیکھا ہے حملہ نہیں دیکھا،بلوچستان میں آباد قبائل محب وطن ہیں ناراض بلوچ قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ شہادت کے جزبے سے سرشار پاکستانی عوام کا مقابلہ بھارت سمیت کوئی نہیں کرسکتا ۔
ان خیالات کا اظہار یو م پاکستان کی مناسبت سے نکالی جانیوالی ریلی کے اختتام پر کوئٹہ پریس کلب کے باہر شرکاء سے سابق صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی، سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی، ملی مسلم لیگ کے صوبائی صدر مولانا محمد اشفاق، سردار عظمت اللہ دمڑ،معظم شاہوانی، شاہجان گرگناڑی، حاجی عطاء محمد بنگلزئی سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کرتے ہوئے کیا .
اس موقع پرنیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بذدل دشمن بھارت اب تک پاکستان کا دفاع دیکھتا آیا ہے اس کا حملہ نہیں دیکھا رات کی تاریکی اور خفیہ راستوں کا سہارا لیکر پاکستان پر حملہ کرنے بھارتی سوچ دیوانے کا خواب ہے پاکستان کے سیکورٹی ادارے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے دن رات اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں لوگ پرامن اور آزاد فضاؤں میں اپنی زندگیاں بسر کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے دشمن نہیں چا ہتایہاں امن برقرار رہے اور وہ سادہ لوح ہمارے بھائیوں کو لالچ دے کر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے لہذا بلوچستان کے لوگ نوجوان نسل پر نظر رکھتے ہوئے اُنہیں دشمن کے ہاتھوں استعمال ہونے سے بچائیں ۔
ریلی کے شرکاء سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ برصغیر پاک وہند میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک اور مظالم کیخلاف 23 مارچ کو مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست جہاں مسلمانوں ،اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہو اور وہ آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں قائم کرنے کیلئے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا اور اس جدوجہد کے نتیجہ میں تا قیات قائم رہنے کیلئے مملکت خدا داد پاکستان معرض وجود میں آیا جس کیخلاف تب سے لیکر آج تک سازشیں ہورہی ہیں اور انہی سازشوں کے تحت سیکورٹی فورسز سمیت مختلف مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیاہے .
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن بھارت کی دراندازی اور سرحدی خلاف ورزی کاجواب پاک فوج نے بھر پور انداز میں دیکر یہ ثابت کیا کہ پاکستان امن پر یقین رکھنے والا ملک ہے جو نہ خود دہشتگردہے نہ کسی کی دہشتگردی کو قبول کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہادت مسلمانوں کا افتخار ہے اور ایک ایسی قوم جس کا بچہ بچہ شہادت کے جذبہ سے سرشار ہو بھارت اسرائیل سمیت دنیا کا کوئی بھی ملک اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے صوبائی صدر مولانا محمد اشفاق نے کہا کہ کشمیری عوام پر ہونے والے بھارت کی سفاکانہ بربریت کی نظر دنیا کے کسی ممالک میں نہیں ملتی دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ اشکار ہوچکا ہے جس کو چھپانے کیلئے وہ مختلف حیلے بہانوں کا سہارا لیکر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے ۔
معظم شاہوانی نے کہا کہ ناراض بلوچ بھائی قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں مظاہرے سے ڈاکٹر ہارون سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے بھی خطاب کیا ۔