|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2019

کوئٹہ :  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان ہم سب کا گھر ہے اسکی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں صوبے میں ضلعی سطح پر حکومتی مشینری فعال ہوئی ہے،صحت ،تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کے لئے اقدامات جاری ہیں ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو گورنر ہاؤ س کوئٹہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی ،وزیراعلیٰ میر جام کمال نے کہا کہ بلوچستان اب پسماندگی سے نکل کر ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا ، صوبے کی ترقی کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت ملکر کر کام کر رہی ہیں محکمہ صحت میں ضلعی سطح پر ڈاکٹر تعینات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو بہت ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے اجراء اور آن گوئنگ اسکیمات میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جارہی بعض چیز یں سیاسی بیانات تک ٹھیک رہتی ہیں لیکن آن گراؤنڈ صورتحال مختلف ہوتی ہے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اجتماعی ترقی کے لئے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد شروع ہوجائیگا ۔

صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد بیرونی سرمایہ کار بھی متوجہ ہورہے ہیں جن کے آنے سے اقتصادی ترقی ممکن ہوگی انہوں نے کہا کہ صحت ،تعلیم ،صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر اہم شعبہ جات میں کام جاری ہے جلد ہی عوام ماضی کی نسبت واضح بہتری محسوس کریں گے