|

وقتِ اشاعت :   April 24 – 2014

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ جاپان خطے کا اہم ملک ہے جس نے ہر دور میں اور اہم مواقع پر ہمارا ساتھ دیا ہے، انہوں نے پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاپان کی فعال امداد کا اعتراف کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ جاپان بلوچستان میں تعلیم، صحت اور فنی تعلیم کے فروغ میں بامعنی تعاون فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے قونصلیٹ جنرل اکیرہ اوچی (Akira Ouchi) کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت تعلیم و صحت اور فنی تعلیم کے شعبے میں پسماندہ ہے جبکہ انسانی وسائل کی بھی کمی کا سامنا ہے ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مذکورہ شعبوں میں جاپانی حکومت کے تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا، تاکہ معیار ی تعلیم ، صحت اور انسانی وسائل کو ترقی دیکر ہم عوام کو ایک خوشحال زندگی دے سکیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پسنی فش ہاربر کی جاپانی گرانٹ سے ڈریجنگ کے لیے دوبارہ ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں اور مذکورہ منصوبے پر تیزی سے کام کر کے جلد نتائج دئیے جائیں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جاپان نئی یونیورسٹیوں کے اساتذہ کے لیے P.hD اسکالر شپ دینے میں تعاون کرے، جبکہ مزید یونیورسٹیوں کے قیام کے لیے بھی تعاون کا خیرمقدم کیا جائیگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت گڈ گورننس کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ اداروں کو بحال کر کے عوام کو ریلیف دیا جائیگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بلوچستان ڈیمز، روڈز، زراعت، لائیو اسٹاک کی ترقی کے لیے وسائل کی ضرورت ہے اور دوست ممالک اس سلسلے میں اہم معاون کردار ادا کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گوادر چین اور وسط ایشیاء کے لیے نزدیک ترین راستہ فراہم کرتا ہے اور وسط ایشیاء کے لیے گیٹ وے ہے، جاپانی قونصلیٹ جنرل اکیرہ اوچی (Akira Ouchi)نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو یقین دلایا کہ جاپان بلوچستان میں تعلیم ، صحت اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔