خیبر ایجنسی: سیکیورٹی فورسز نے اسپیراڈیم سمیت مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی مدد سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے اسپیرا ڈیم سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور ان کے ٹھکانوں پر لڑاکا طیاروں کی مدد سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، کارروائی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ بھی ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں اسلام آباد فروٹ منڈی دھماکہ، ایف آر پشاور اور چارسدہ میں پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان چھپے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کے دوران جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد حکومت کی جانب سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی مدد سے پہلا حملہ کیا گیا ہے۔