تربت: تربت میں ڈینگی وائرس کی تشخیص مگر کراچی میں نگیٹو رزلٹ ، مریضوں کو پریشانی کا سامنا۔ ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے بعد شہر کے سرکاری و پرائیوٹ ہسپتالوں میں روزانہ متعدد کیس رجسٹرڈ ہورہے ہیں جن میں ٹیسٹ کے بعد مریضوں کو ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوتی ہے ۔
لیکن کئی مریض جنہوں نے تربت میں ٹیسٹ کے پازیٹو رزلٹ کی صورت میں علاج کے لیئے کراچی کا رخ کیا وہاں پر انہیں ڈینگی کا وائرس لاحق نہیں تھا۔
گزشتہ روز سنگانی سر تربت سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کو تربت کے ہسپتال میں ڈینگی کی تشخیص کے بعد کراچی منتقل کیا گیا مگر وہاں ٹیسٹ کے بعد انہیں نارمل بخارظاہر ہوا تھا جبکہ کچھ دن قبل ایک سرکاری ملازم جمعہ نامی شخص کے بیٹے کو بھی تربت کے ہسپتال میں ڈینگی کی تشخیص کے بعد ایمرجنسی صورتحال میں کراچی لیجا یا گیا تو ٹیسٹ کرنے کے بعد رزلٹ نگیٹو آیاتھا۔
عوامی حلقوں نے تربت کے ہسپتالوں میں مریضوں کو ڈینگی اور کراچی جا کر نارمل بخار کی تشخیص پر حیرت کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت اس بات کا سختی سے نوٹس لے تاکہ لوگوں میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہوسکے۔
تربت میں ڈینگی وائرس کی تشخیص مگر کراچی میں رزلٹ نگیٹو نکلا
وقتِ اشاعت : April 10 – 2019