کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی ترجمان کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے انسٹیٹیوشن بیسڈ پریکٹس کے پروپوزل کا خیرمقدم اور بھرپور حمایت کر تے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 9اپریل کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی ایگزیکٹیو باڈی کا اجلاس صوبائی صدر ڈاکٹر حمل بگٹی کی صدارت سنڈیمن پراونشل ہسپتال میں منعقد ہوا،اجلاس میں حالیہ صورتحال کا بغور جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر یہ واضح کیا گیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹروں کی ایک ذمہ دار تنظیم کی حیثیت سے اپنے تنظیمی فیصلوں میں مکمل طور پر آزاد ہے۔
ینگ ڈاکٹرز کے زمہ داران کے خلاف حالیہ چند گمراہ کن،شرپسند اور سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کیخلاف سائبر کرائم سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز پر آئے روز بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اور سرکاری املاک کا نقصان روکنے کیلئے خیبر پختونخوا طرز کے سیکیورٹی ایکٹ کا مطالبہ کیا گیا جس کا اطلاق سرکاری ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، نرسز اور ہسپتالوں میں موجود سرکاری املاک پر ہوگا،ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں دور دراز سے آئے غریب مریضوں کیلئے خون کے بنیادی ٹیسٹس کا نہ ہونا انتہائی قابل تشویش ہے ۔
لہذا24 گھنٹے فعال پیتھالوجی لیب کے قیام کا مطالبہ کیا گیا،اجلاس میں متفقہ طور پر وزیراعلی بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ صحت کے سیکشن آفیسر(ون) کی جانب سے ڈاکٹرز سے ان کے جائز کام کے بدلے پیسے بٹورنے جیسے ناروا عمل کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے محکمہ صحت سے فی الفور تبادلے کے احکامات جاری کئے جائیں۔
بولان میڈیکل کالج کے طالب علموں کیساتھ کسی بھی ناروا عمل جس کے طالب علموں کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ایسے عوامل اور عناصر کی مکمل حوصلہ شکنی کی جائے گی،حالیہ کنٹریکٹ پر تعینات پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی اپنے متعلقہ وارڈز میں تعیناتی اور کنٹریکٹ پر تعینات ڈاکٹرز کی مستقلی کا طریقہ کار جاری کیا جائیں۔
ہاؤس آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کے ماہانہ وظائف سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں د یگر صوبوں کے برابر کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں،صوبائی ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے مزید کہا کہ اوپی ڈیز سے بائیکاٹ تا حال برقرار ہے حکام ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ڈاکٹروں کا سوشل میڈیا پر تنقید کرنیوالوں کیخلاف سائبر کرائم مقدمے کی دھمکی
وقتِ اشاعت : April 10 – 2019