|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2019

خضدار:  خضدار میں لیویز فورس کے 167خالی آسامیوں پربھرتی کے لئے 3192امیدوار ٹیسٹ اور انٹرویوز دے رہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی لیویز کی خالی آسامیوں کے لئے ٹیسٹ اور انٹرویو لے رہی ہے۔

بھرتی کی خواہش رکھنے والے امیدواروں میں اعلیٰ تعلیم کے حامل نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے، تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار میں لیویز فورس کے مختلف شعبوں کی خالی 167 آسامیوں پر بھرتی کے لئے ٹیسٹ و انٹرویو کا سلسلہ جاری ہے ،کل3192بے روزگار نوجوان حصہ لے رہے ہیں ، آر ٹی سی لیویز سنی خضدارکے مقام پر ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی کے اراکین نہ صرف لیویز سپاہی کے لئے امیدواروں کی دوڑ کا جائزہ لے رہے ہیں بلکہ ٹیسٹ اور انٹرویوز بھی انہیں کی نگرانی میں ہورہے ہیں ۔

کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی ،ان کے ہمراہ دیگر آفیسر ممبران اسسٹنٹ کمشنر خضدار محمد وارث ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالقدوس اچکزئی نے گزشتہ روز خضدار کی تحصیلوں کے امیدواروں کے ٹیسٹ انٹرویوز لیئے اور لیویز سپاہی کے لئے دوڑ میں سبقت لے جانے والے امیدواروں کا معائنہ اور نگرانی کرتے رہے ۔

منگل کے روز خضدار کے تمام تحصیلوں کے بے روزگار امیدواروں کے انٹرویوز ٹیسٹ اور دوڑ کا مرحلہ مکمل ہوا اور آج بدھ کے روز خضدار سٹی کے امیدوار لیویز فورس کی خالی آسامیوں کے لئے ٹیسٹ اور انٹرویوز دیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر(ر) محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھا کہ خضدار کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ، اگر ان کی سرپرستی اور ان کے لئے مواقع مہیا کیئے جائیں تو وہ اپنی صلاحیتیں بہتر انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج میں خود موجود ہوں اور نوجوانوں کے دوڑ کا جائزہ لے رہا ہوں اور ان کے ٹیسٹ و انٹریوز ہم لے رہے ہیں ، انشاء اللہ میرٹ کے مطابق امیدواروں کو بھرتی کیا جائیگا ،میرٹ و معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ قابلیت کو مد نظر رکھ کر باصلاحیت نوجوانوں کی لیویز فورس میں بھرتی کرنا وقت کا تقاضاء اور قومی امنگوں کی صحیح معنوں میں ترجمانی ہوگی ایسے جانباز اور باصلاحیت نوجوانوں کو لیویز فورس میں بھرتی کیا جائے جو لیویز فورس میں شامل ہو کر علاقائی سیکورٹی میں اپنی خدمات بہتر سے بہتر طور پر نبھا سکیں۔ 

میں یہاں دیکھ رہا ہوں کہ اعلیٰ معیار کے پڑھے لکھے نوجوان ہیں جو لیویز فورس میں بھرتی ہونے کے لئے آئے ہیں اور وہ ٹیسٹ و انٹرویو دے رہے ہیں ، کسی بھی نوجوان کی حق تلفی نہیں ہوگی اور سب کے ساتھ انصاف ہوگا ۔