کوئٹہ: انجمن تاجران بلوچستان کے صدررحیم آغانے ہزارگنجی واقعے کیخلاف مغربی بائی پاس پر جاری دھرنے کے شرکاء سے شاہراہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے عوام اورتاجربرادری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔
پھل اورسبزیاں بروقت منڈی تک نہ پہنچنے سے زمینداروں کوکروڑوں روپے کانقصان ہورہا ہے،دھرنے کے شرکاء احتجاج کیلئے شاہراہ کی بجائے کسی اورمقام کاانتخاب کریں ہم ان کاساتھ دیں گے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روزکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انجمن تاجران بلوچستان کے سرپرست اعلیٰ حاجی عاشق اچکزئی،چیئرمین اکرم بنگلزئی ،ایگزیکٹیوچیئرمین حاجی فاروق شاہوانی،آل بلوچستان فروٹ اینڈویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی شیرعلی بنگلزئی ،پلاسٹک ایسوسی ایشن کے صدرسردارولی ،تاجرایکشن کمیٹی کے سیدثناء اللہ آغا،حاجی اسلم ترین اورسیدحیدرآغابھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہزارگنجی سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کاضیاع پرافسوس ہے اورتاجرتنظیمیں غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں،حکومت کوچاہئے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصرکوکیفرکردارتک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ ہزارگنجی سبزی منڈی واقعے کے بعد گزشتہ کئی روزسے مغربی بائی پاس کوایک مخصوص ٹولے نے شہداء کے نام پرسیاست چمکانے کیلئے بندرکھا ہوا ہے جس سے لاکھوں عوام اورتاجربرادری سمیت ہزارگنجی کراچی اوردیگر شہروں کوجانے والے لوگ عذاب میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے پھل اورسبزیاں بروقت منڈی تک نہیں پہنچ رہے ہیں جس سے زمینداروں کوکروڑوں روپے کانقصان ہورہا ہے اوراطراف کے علاقوں کے عوام اورتاجربرادری ہسپتال کو جاسکتے ہیں اورنہ لوگوں کے گھروں کوٹینکرکے ذریعے پینے کاپانی پہنچ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے دھرنوں پرپابندی عائد کرے جس سے عوام کو مشکلات کاسامنا اور کوئٹہ میںآبادبرادراقوام میں نفرتیں پھیلنے کی وجہ بنیں،انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری ہمارے قابل قدرہے ہزارگنجی میں پیش آنے والے واقعے میں ہزارہ برادری سمیت دیگر اقوام کے لوگ بھی شہید ہوئے ہیں تاہم ایک مخصوص ٹولے کی جانب سے واقعے پر سیاست چمکاناقابل مذمت ہے کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ برادراقوام کوآپس میں لڑائیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ کرنے والے ہم سب کے دشمن ہیں جن کی خواہش ہے کہ شہر میں افراتفری کوہوادے کر لوگوں کو اآپس میں دست وگریباں کریں،انہوں نے کہا کہ ہوناتوچاہئے تھا کہ ہم سب یکجاہوکر ملک کے دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں نہ دشمنوں کے عزائم کو تقویت دیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت فوری طورپردھرنا ختم کرکے شاہراہ کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بحال کرکے آئندہ قومی شاہراہوں پر دیئے جانے والے دھرنوں پرپابندی عائد کرے تاکہ عوام اورتاجروں اورشہریوں کوآمدورفت میں مشکلات کاسامنانہ ہو۔
مغربی بائی پاس دھرنا ختم کر کے سڑک کو کھولا جائے،انجمن تاجران
وقتِ اشاعت : April 15 – 2019