میونخ: چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں ریئل میڈرڈ نے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور سرجیو راموس کے شاندار کھیل کی بدولت دفاعی چیمپیئن بایرن میونخ کو 4-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
سیمی فائنل کے دوسرے لیگ کے لیے ہوم گراؤنڈ ہونے کے باعث بایرن میونخ کو جیت کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن ہسپانوی لیگ کی اسٹارز سے سجی ٹیم نے تمام تر دعوؤں کو غلط ثابت کر دکھایا۔
واضح رہے کہ میڈرڈ کو اپے ہوم پر کھیلے گئے پہلے لیگ میں 1-0 سے فتح کے باعث حریف ٹیم پر برتری حاصل تھی۔
میڈرڈ نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنا یا جس کی بدولت راموس نے 16 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ابھی حریف ٹیم اس جھٹکے سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ راموس نے ایک بار پھر بایرن کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے دوسرا گول کر کے ان کے اوسان خطا کر دیے۔
اس موقع پر اسٹیڈیم میں جرمن شائقین کی اداسی اور خاموشی واضح طور پر محسوس کی جاسکتی تھی۔
اس موقع پر بایرن نے سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کی اور میڈرڈ کے گول پوسٹ پر چند حملے بھی کیے لیکن یہ کوشش الٹا ان کے گلے پڑ گئی۔
اس دوران پیپ گورڈیالو کی ٹیم اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے خطرے کو یکدم بھلا بیٹھی جنہوں نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 34ویں منٹ میں گول داغ کر میزبان کی میچ میں امیدوں کو تقریباً ناممکن بنا دیا۔
اس گول کے ساتھ رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے ایک سیزن میں میسی کے سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جو انہوں نے 2011-12 کے سیزن میں بنایا تھا، یہ رونالڈو کا اس سیزن کا چیمپیئنز لیگ کا 15واں گول تھا۔
وقفے کے بعد بایرن نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن میڈرڈ کی شاندار حکمت عملی اور بہترین دفاع کے ساتھ ساتھ جرمن لیگ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پست حوصلے ٹیم کی شکست کے فرق کو بھی کم کرنے سے قاصر رہے۔
کھیل 90ویں منٹ میں رونالڈو نے فری ہٹ پر گراؤنڈ کک لگا کر گول کیپر کو چکما دیا اور گیند کے گول میں پہنچنے کے ساتھ ہی بایرن میونخ کی شکست پر مہر ثبت ہو گئی۔
جب دو اضافی منٹ کے بعد امپائر نے سیٹی بجائی تو اسکور بورڈ پر 4-0 کا ہندسہ میڈرڈ کی فتح کی کہانی سنا رہا جہاں اس نے مجموعی طور پر 5-0 سے مارجن سے فتح پائی۔
یاد رہے کہ میڈرڈ چیمپئنز لیگ میں میونخ سے ہونے والے دس میچز میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جہاں اسے گزشتہ نو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔