خضدار: گورنر بلوچستان جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی نے کہا ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں سے ملک قوم کی امیدیں وابستہ ہیں جہاں سے معیاری اور جدید علوم حاصل کرنے والے ہی آئندہ آنے والی نسلوں کی ترقی کا ضامن اورلکھا پڑھا بلوچستان ہی پاکستان کامستقبل اور ترقی کی بنیاد ہے۔
حکومت کی یہ کوشش ہے کہ پورے بلوچستان میں جہاں ممکن ہو اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کو یقینی بنائیں ،طلبا و طالبات حصول علم پر توجہ دیں اساتذہ کرام انہیں علم کی نور سے منور کرنے میں اپنا کردار دیانتداری سے انجام دیں ،لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کے لئے سردار عطاء اللہ خان مینگل نے اپنی زرعی اراضیات سے سو ایکٹر عطیہ کر کے تعلیم دوستی کا ثبوت دے کرایک مثال قائم کر دی مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وڈھ میں طالبات کی بھی ایک بڑی تعداد یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز خضدار میں طلباء طالبات و اکیڈمک اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کیا قبل ازیں گورنر بلوچستان نے خضدار میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کا دورہ کیا کلاسوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ اسی کروڑ روپے کی لاگت سے تکمیل کے آخری مراحل میں منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ۔
انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے انجنیئرنگ یونیورسٹی خضدار کی تدریسی سرگرمیوں اور مسائل سے بھی آگاہ کیا بعد ازاں گورنر نے لسبیلہ یونیورسٹی خضدارا کیمپس میں کلاسوں کا معائینہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے خوشی کا مقام ہے کہ آج میں لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کا دورہ کر رہا ہوں اور اس سے بڑھ کر خوشی اس بات کی ہے کہ وڈھ کیمپس میں طالبات کی بھی ایک بڑ ی تعداد زیر تعلیم ہے جس ملک یا معاشرہ میں بچیوں کی تعلیم پر توجہ دی جاتی ہے وہ معاشرہ با شعور ہونے کے ساتھ ترقی کے منازل جلدی طے کر جاتے ہیں۔
بلوچستان کے عوام یا د رکھیں اگر آج بھی ہم نے بچیوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دی تو آنے والی نسل ہمیں طعنہ دے گی گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ حصول علم کے بغیر ہم کسی بھی قوم کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں ۔
اس لئے نوجوانوں کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ اپنی پوری توانائیاں حصول علم پر مرکوز رکھیں حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی یونیورسٹی کے جتنے مسائل ہیں میں ان سے اگاہ ہوں انہیں حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
رکن صوبائی اسمبلی و بی این پی کے مرکزی رہنماء میر محمد اکبر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ سیاست دان سردار عطاء اللہ خان مینگل کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ وڈھ میں ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ قائم ہو اور اسی لئے انہوں نے بلا معاوضہ سو ایکڑ زرعی زمینیں یونیورسٹی کے لئے مفت فراہم کی ہیں طلباء و طالبات کو مختلف مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔
حکومت ان ضروریات کو پوری کرے وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر بلوچستان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے بہتر انداز میں کام کریں وڈھ کیمپس نے محدود مدت میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے طلباء کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔
امید ہے کہ بہت جلد ہائیر ایجوکیشن کمیشن وڈھ کیمپس کی بلڈنگ کا کام شروع کروادے گی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری ،کمشنر قلات ڈویژن حافظ طاہر ،ڈی آئی جی پولیس آغا محمدیوسف ،ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی،ایس ایس پی خضدار جاوید غرشین سمیت اعلی سول حکام اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔
قبل ازیں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کے احاطہ میں زیتون کا پودا لگا کر شجر کاری کی دریں اثناء گورنر بلوچستان (ر) جسٹس امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ انجینئرنگ کا شعبہ دینا میں جدت لائی ہے اور یہ شعبہ دنیا میں جدید علم میں سب سے اعلیٰ ہے یہاں سے پیدا ہونے والے انجینئر ز ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرئینگے ۔
انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار ایک مثالی ادارہ ہے اور یہاں پی ایچ ڈی پروفیسران کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو محنت کر کے اس ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں یونیورسٹی کے جو مسائل ہیں ان کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
گورنر بلوچستان نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں تقریبا اسی کروڑ روپے کی لاگت لائبریری کی توسیعی منصوبے ،اساتذہ اور طلبا کے لیئے ہاسٹل اور بنگلے جدید مشینری سمیت دیگر زیر تکمیل اور مکمل منصوبوں کا معائنہ بھی کیا جب کہ لائبریری کی توسیعی منصوبے کا افتتاح بھی کیا ۔
لسبیلہ یونیورسٹی و ڈھ کیمپس کیلئے سردار عطااللہ مینگل کا اراضی دینا تعلیم دوستی کا ثبوت ہے ،گورنر بلوچستان
وقتِ اشاعت : April 19 – 2019