تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹرکہدہ اکرم دشتی ، ضلعی صدرمحمدجان دشتی، مرکزی کمیٹی کے رکن انجینئرحمیدبلوچ ، ضلعی جنرل سیکرٹری چیئرمین حلیم بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی ایک واضح سیاسی قومی پروگرام کے تحت سیاست کے میدان میں مصروف عمل ہے ۔
ہم سیاست برائے سیاست کے قائل نہیں ، 1988سے 2013 تک جب بھی نیشنل پارٹی کو اقتدارمیں آنے کاموقع ملاہے توتعلیم کی ترقی وترویج ہمارا سب سے بڑامطمع نظررہاہے ، اس علاقے میں خواتین کی ایجوکیشن کی ترقی کاسہرا ہماری جماعت کے سر جاتاہے ۔
کیونکہ 1993میں ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے بطور وزیرتعلیم وسیع پیمانے پر اسکولز قائم کئے اوربے دریغ مردوخواتین ٹیچرز بھرتی کئے اس زمانے میں خواتین کاگھرسے نکل کر اسکول جانا عیب سمجھاجاتا تھا مگر ہماری لیڈرشپ کے دوررس نتائج کے حامل پالیسیوں کی وجہ سے آج ہمارے علاقے میں خواتین ایجوکیشن ترقی کی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل پارٹی کلاتک تحصیل کے سنیئرباڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں کلاتک تحصیل کے سیاسی وتنظیمی امورکاجائزہ لیتے ہوئے نیشنل پارٹی کو کلاتک تحصیل میں فعال ومنظم بنانے کے ضمن میں آربی بلوچ کی سربراہی میں9 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی۔
حلیم بلوچ ڈپٹی آرگنائزر چنے گئے جبکہ امان اللہ بلوچ، عبدالغنی بلوچ، واجہ کریم بخش ، واجہ مسلم ، حاجی تاج محمد ، عبدالرؤف اور اصغربلوچ پرمشتمل مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی ۔
آرگنائزر آربی بلوچ ، ڈپٹی آرگنائزر حلیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے عہد کیاکہ وہ ساتھیوں کی مددوتعاون اورمشاورت سے مختصرمدت کے اندر تنظیم کوفعال کرکے تحصیل کابینہ کے الیکشن کروانے کی کوشش کریں گے ۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے اپنے خطاب میں امیدظاہرکی کہ نئی آرگنائزنگ کمیٹی علاقے کے اندر پارٹی کوازسرنو منظم کرنے کے ضمن میں شب وروزمحنت کرکے شاندار نتائج دے گی اور عوام کو پارٹی کے ساتھ جوڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ قومی سیاست کو آگے لیکر جانا آج تمام ذی شعور ساتھیوں کی ذمہ داری بن چکی ہے مکران سے بلوچ قوم پرستی کی سیاسی فکرکے خاتمہ کیلئے رچائی گئی سازش کامقابلہ کرنے کیلئے ہمیں شعوری بنیادوں پر کام کرکے سیاست اورسیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہوگا انہوں نے کہاکہ ہم لفاظی اوربلند بانگ نعرہ بازیوں کے قائل نہیں بلکہ ہماری جدوجہدکے نتائج ہی ہمارے موقف اورسیاست کے گواہ ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس ملک میں 2سال کے قلیل عرصے میں ایک پرائمری اسکول کی بلڈنگ تیارنہیں ہوسکتی مگرنیشنل پارٹی نے یونیورسٹی ،میڈیکل کالج اورشہرکے جدید انفرا اسٹرکچرکو مکمل کرکے ریکارڈ قائم کردیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی، میڈیکل کالج اور دیگرجدید تعلیمی ادارے قائم کرکے ہم نے اپنا قومی فرض پوراکیا مگر جولوگ قوم پرستی کی چیمپئین کے دعویدارہیں لٹریچر اور دانشوری کے علمبردارہیں ۔
انہوں نے تھوڑی سی انتظامی طاقت ملتے ہی یونیورسٹی کے سرکاری اراضیات کوبندربانٹ کرکے قومی جرم کاارتکاب کیا اس عمل سے ان کے اصلی چہرے عیاں ہوچکے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ایک سال گزرنے کے باوجود ترقیاتی شعبے میں ایک روپے کابھی کام نہیں کرسکی ہے اور ایک سال سے ترقیاتی فنڈز کے مدمیں ایک آنہ بھی ریلیزنہیں ہواہے تمام تر حکومت جام نظر آرہی ہے ۔
حکومت کی تمام پی ایس ڈی پی لیپس ہونے جارہی ہے مگر حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں ایک سال کے اندر علاقے کے لوگوں نے ترقیاتی شعبے ،تعلیمی شعبے اورامن وامان کے شعبے میں نمایاں فرق پیداہوتے ہوئے دیکھا۔
نیشنل پارٹی دور حکومت میں تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دی گئی ،کہدہ اکرم
وقتِ اشاعت : April 23 – 2019