|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2019

کوئٹہ: کیسکو نے کوئٹہ میں ماہ رمضان کے دوران سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کردیا، کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کیسکو کے صارفین پر واجبات 299 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی عطاء اللہ بھٹہ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ماہ رمضان میں عوام کو بجلی کی فراہمی میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، شہر میں سحر و افطار کے اوقات میں کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی، 92 فیڈرز میں سے 48 فیڈرز پر کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی فارمولے کے تحت شہر میں 1 سے 7 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔

کیسکو چیف نے دعویٰ کیا کہ بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں، ہزار سے بارہ سو میگا واٹ بجلی کی طلب ہے جو پوری کی جارہی ہے،تاہم صوبے میں کم وولٹیج کی شکایات ہیں جن پر فوری کاروائی کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس شیڈیول کو ماہ رمضان کے بعد جاری رکھیں گے، کیسکو کو واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے۔

عطا اللہ بھٹہ نے بتایا کہ مارچ 2019 میں کیسکو کو بلوچستان میں واجبات کی مد میں بقایاجات کی رقم 3 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، 299 ارب روپے سے زائد کے واجبات سرکار اور عوام کے زمہ ہیں، انکے مطابق زرعی صارفین کے زمہ 2 سو 11 ارب روپے سے زائد کے بقایا جات واجب الادا ہیں، صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے زمہ 27 ارب روپے واجب الدا تھے تاہم نئے معاہدے کے بعد صوبائی حکومت کو ساڑے تین ارب روپے ادا کرنے ہیں۔

کیسکو چیف نے بتایا کہ وفاق کے زیلی محکموں کے زمہ بھی 3 ارب روپے واجب الادا ہیں، جبکہ گھریلو،کمرشل اور دیگر صارفین کے زمہ 14 ارب روپے کے بقایہ واجب الدا ہیں۔