|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2019

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے، صوبے میں امن و امان کی بحالی میں صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ قبائلی عمائدین اور عوام کا بھی اہم کرداررہا ہے۔

ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز میوند، کاہان اور بارکھان کے ایک روزہ دورے کے موقع پر قبا ئلی عما ئدین سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ دورے کے دوران ہیڈ کوارٹر میوند رائفلز میں آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ کو علاقے کے امن و امان اور ایف سی کے فلاحی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بلوچستان فیاض حسین شاہ نے بارکھان کے دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے صوبے میں امن و امان کی بحالی میں صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ قبائلی عمائدین اور عوام کا بھی اہم کرداررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزاور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ناگزیر ہے ضرورت اس امر کی ہے کی باہمی خیالات اور تبادلے کے ذریعے اس رشتے کو مزید مضبوط اور توانا کیا جائے تاکہ صوبے کا بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شر پسندوں سے چھٹکارادلا کر امن وامان کا گہوراہ بنایا جاسکے۔ جہاں امن ہو گا وہاں کے لوگ ترقی اور تعلیم سے آراستہ ہونگے۔

آئی جی ایف سی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر ایف سی میوند رائفلز کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

تقریب کے آخر میں قبائلی عمائدین اور معتبرین نے قیام امن کے لئے ایف سی کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ کو علاقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ آئی جی ایف سی نے ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔