|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2019

لورالائی:  لورالائی میں سستا بازار کے نام پر مہنگا بازار سجا دیا گیا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی ناکام۔ روزمرہ کی ہر چیز عام بازار سے سستا بازار میں مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ تاجروں کے نام پر سیاست کرنے والے نام نہاد تاجر رہنما اور انتظامیہ صرف فوٹو سیشن اور اپنی شہرت کررہے ہیں۔

سرکاری نرخ نامہ مسترد کرتے ہوئے تمام دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے اپنے من مانے نرخ نامے مقرر کیے ہوئے ہیں۔ سستے بازار میں تربوز 40روپے فی کلو جب کہ عام بازار میں اس کا ریٹ 30روپے فی کلو ہے۔ ٹماٹر 70روپے فی کلو جب کہ یہی ٹماٹر عام بازار میں 50روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

عام بازار میں فی درج کیلے کی قیمت 50روپے جب کہ سستے بازار میں اس کی قیمت 60روپے ہے جب کی دیگر سبزیاں بھی عام بازار سے 10سے 20روپے مہنگی فروخت ہورہی ہے۔ سستے بازار میں اشیاء خورد ونوش کی دیگر اشیاء جیسے گھی، چینی، دودھ وغیرہ دستیا ب نہیں۔

صرف سبزی اور پھلوں کی ریڑھیا ں لگا کر اس کو سستے بازار کا نام دیاگیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس سستے بازار کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ لورالائی کی تاجر تنظیمیں اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ ماہ مقدس میں عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچا سکے ہیں۔

انہوں نے حکام بالا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی لانے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نام نہاد تاجروں کے نمائندے اور لیڈرز بننے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے کیوں کہ انہیں صرف اور صرف لیڈر بننے اور اخبارات میں بیانات اور فوٹو چھاپنے کا شوق ہے۔ جس مقام پر سستا بازار سجایا گیا ہے۔

وہاں کے مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ ریڑھیوں کی وجہ سے ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے جس کی ہم نے انتظامیہ سے بھی شکایت کی ہے لیکن انتظامیہ نے اس بارے کوئی ایکشن نہیں لیا۔