کوئٹہ(اسٹا ف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی، درجنوں کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث سینکڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں،ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم اے سے مدد مانگ لی ، صوبائی وزیر داخلہ و ڈیزاسسٹر مینجمنٹ میر سرفراز بگٹی نے بھی نقصانات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری امداد بھیجنے کی ہدایت کردی۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عظیم کاکڑ نے روزنامہ آزادی کے نمائندے کو ٹیلی فون پربتایا کہ موسیٰ خیل اور گرد و نواح میں میں گزشتہ دو دنوں کے وران موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی اور تاحال وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔موسیٰ خیل شہر کے علاقے محلہ جعفرآباد اور پشتون آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کوٹ خان محمد میں سیلابی ریلے میں بہہ کر70مویشی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ طوفانی بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے مطابق متاثرین کو خیمے اور خوراک فراہم کرنے کے لئے صوبائی ڈیزاسسٹرمینجمنٹ کو خط لکھ دیا گیا ہے امید ہے کہ بدھ کو امداد روانہ کردی جائے گی ۔ادھر صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی نے موسیٰ خیل میں ژالہ بارشی اور طوفانی بارش سے گھروں اور فصلوں کو وسیع پیمانے پر ہونے والے نقصانات کا نقصان لیا ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایماے کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کریں تاکہ بروقت اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کرکے متاثرین کی بحالی کا عمل شروع کیا جاسکے ۔