کراچی: سیشن عدالت ملیر نے گر فتار ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کاکس کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض منظور کرلی جس کے بعد اسے آرٹلری میدان تھانے سے رہا کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیشن عدالت ملیر نے 3 روز قبل کراچی ایئر پورٹ سے حراست میں لئے گئے ایف بی آئی کے ایجنٹ جوئیل کاکس کی درخواست پر اس کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے عوض منظور کی، جس کے بعد پولیس کی جانب سے ملزم کو آرٹلری میدان تھانے سے رہا کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جوئیل کاکس کی رہائی حکومت اور امریکی سفارت خانے کے دباؤ پر عمل میں آئی ہے، امریکی سفارت خانے کے کہنے پر ہی ایف بی آئی ایجنٹ کو تھانہ ایئرپورٹ کے بجائے آرٹلری میدان پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا، جوئیل کاکس کی رہائی کے لئے چیف سیکرٹری اور ہوم سیکر ٹری خود تھانے گئے اور پولیس حکام کو کیس ختم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جس پر پولیس نے سیشن کورٹ ملیر میں ریکارڈ پیش کیا کہ جوئیل کاکس کسی بھی مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ کراچی سے حراست میں لیا گیا امریکی شخص سفارت کار نہیں ایف بی آئی کا اہلکار ہےجس کے باعث اسے کسی قسم کا استثنیٰ حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوئیل کاکس سیاحتی ویزے پر پاکستان آیا تھا، معاملے پر امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں رہے اور صرف امریکی کونسلر کو ایف بی آئی کے اہلکار سے ملنے کی اجازت دی گئی۔
واضح رہے کہ جوئیل کاکس کو 3روز قبل جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے اسلام آباد جاتے ہوئے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب اس کے سامان سے پستول کی 15 گولیاں اور جاسوسی کے خفیہ آلات برآمد ہوئے تھے۔