|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2019

کوئٹہ : کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں واقع مسجد کے مہراب میں نصب بم کے دھماکے میں مسجد کے خطیب سمیت 4 افرادشہید 28 افراد زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی آپریشن بہرام مندوخیل کے مطابق جمعہ کے روز کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں واقع جمامع مسجد رحمانیہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے تقریبا ایک گھنٹے قبل مسجد کے مہراب میں نصب دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پیش امام مولانا عطاء الرحمان، نمازی شاہ زیب اور عبدالرحمن شہید ہوگئے جبکہ بی ایم سے اسپتال میں دھماکے میں زخمی ہونے والے حاجی غیبی روڈ کے رہائشی ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ایس ایس پی آپریشن کے مطابق دھماکہ مہراب میں نصب ٹائم ڈوائس کے ذریعہ کیا گیا دھماکے میں دو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیاہے تاہم دھماکہ خیز مواد میں بال بیرنگ استعمال نہیں کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشن کے مطابق دھماکے کا ہدف امام مسجد تھے اس لیے ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا جب مسجد میں نمازیوں کی تعداد کم تھی اگر دھماکہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کیا جا تا تو اس سے کافی زیادہ انسانی جانوں کے ضیائع ہونے کا خدشہ تھا۔ دھماکے میں امام مسجد کا پوتا بھی جاں بحق ہوا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ نماز شروع ہونے سے کچھ دیر قبل ہوا پولیس نے سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے تھے۔ پولیس، سی ٹی ڈی، بم ڈسپوزل ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئیے جن کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے مطابق ڈوائس منبر کے نیچے نسب کی گئی تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ڈھائی کلو مواد استعمال کیا گیا ہے۔دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں روزی محمد، سردار محمد، راشد علی، رحیم داد، عبدالرحمن، عزیز اللہ، فدا محمد، حکمت اللہ،محمدسرور، سعید محمد اجمل خان دلشاد احمد نور الدین خواجہ محمد مشتاق محمد یعقوب محمد یونس حبیب اللہ سمیع اللہ، گل شاہ، محمد آصف،ناصر،عبدالرحمن سلطان محمد ودیگر تین افراد شامل ہیں۔

ترجمان سول ہسپتال کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے دس افراد کی حالت تشویشناک ہے۔دھماکے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز اور امدادی رضا کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دھماکے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔ کوئٹہ میں نماز جمعہ کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں کے علاوہ مختلف اہم مقامات پر 5574 پولیس اہلکار، سیکورٹی کیلئے تعینات کئے گئے تھے۔