|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2014

کوئٹہ: گزشتہ روز سبی اورمچھ کے درمیان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی(NTDC)کے 220KVکے 4ٹاورزطوفانی ہواؤں کے باعث گرگئے جس کی وجہ سے220KVڈبل سرکٹ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ڈبل سرکٹ سے بجلی کی بندش کے باعث تقریباً 330میگاواٹ بجلی کیسکوکے سسٹم سے نکل گئی اورِ اس ٹرانسمشین لائن سے منسلک تمام علاقوں کے لئے مزید برقی قلت پیداہوگئی ہے۔این ٹی ڈی سی کی220KVٹرانسمیشن لائن ڈبل سرکٹ سے بجلی کی بندش کے باعث تقریباً330میگاواٹ سسٹم سے آؤٹ ہونے کے بعداب دستیاب بجلی صرف360میگاواٹ رہ گئی ہے جبکہ مجموعی طورپرصوبے میں بجلی کی کل طلب (ماسوائے مکران نیٹ ورک) 1610میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔برقی قلت کے باعث اس نیٹ ورک سے منسلک متاثرہ تمام علاقوں کے لئے بجلی کی فراہمی کے اوقات کارمیں کمی کردی گئی ہے ۔اس طرح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 8گھنٹے یومیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ سے باہرمتاثرہ علاقوں کے تمام فیڈروں کومختلف اوقات کارمیں 4گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔کیسکونے برقی قلت کے باعث اضافی لوڈشیڈنگ پراپنے صارفین سے معذرت کی ہے۔