کراچی (ظفراحمدخان)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں گرفتار امریکی شہری جوئیل کاکس کی 10لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے ، واضح رہے کہ اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ نے امریکی شہری کو 10مئی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا تھا ۔استغاثہ کے مطابق ملزم کو 5مئی 2014ء کو تھانہ ائیر پورٹ کی حددو سے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ زرضمانت عدالت میں جمع کروانے کے بعدرہائی کے باقاعدہ حکم نامہ بھی جاری کیا گیا جس کے بعد ایف بی آئی ایجنٹ امریکی شہری جوئیل کاکس کو آرٹلری تھانے سے رہائی کے بعد امریکی قونصل خانے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جوئیل کاکس کو 5مئی کو کراچی ائیر پورٹ پر اسلام آباد جاتے ہوئے سامان سے کارتوسوں سے بھرا ہوا میگزین برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد سے پولیس کو شدید دباؤ کا سامنا تھا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جانے والا جوئیل کاکس نامی امریکی شخص ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس کی تعیناتی امریکی ریاست میامی کے فیلڈ آفس سے کی گئی تھی۔ جوئیل کاکس سے ایف آئی اے نے تحقیقات کی تھیں۔جس کے مطابق امریکی ایجنٹ کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ سے کراچی کے حوالے سے اہم معلومات ٹرانسفر کی گئی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنٹ سے ملنے والی معلومات حساس نوعیت کی نہیں تاہم اہم ضرور تھیں۔جیوئل کاکس دفتری کام کے سلسلے میں تین ماہ کیلئے پاکستان آیا تھا۔ تفتیشی حکام کو امریکی ایجنٹ سے ایک چاقو اور آہنی مکا بھی ملا ہے۔ ایف آئی اے نے5مئی کو ائیرپورٹ پولیس سٹیشن میں جوئیل کاکس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے سیکشن 23 اے کے تحت مقدمہ درج تھا اور اسے 6مئی کوعدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔