|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2019

کو ئٹہ +مستونگ: مستونگ کاایک اور اسکول پراسرار کیمکل اسپرے سے متاثر ہوگیا، گورنمنٹ مڈل اسکول شمس آباد کے 60 بچوں کو مستونگ اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مستونگ کے مطابق گورنمٹ مڈل اسکول شمس آباد کے60 بچے مضر صحت کیمکل اسپرے سے متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ بچوں کو شہید غوث بخش اسپتال لایا گیا جن میں سے 30 کوسول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر منظور کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے متاثرہ اسکولوں سے نمونے حاصل کرکے اسلام آباد بھیجیں ہیں، تاحال معلوم نہیں ہوسکا کہ کیمکل اسپرے کس کی جانب سے کیا گیا،نمونوں کی رپورٹ موصول ہونے پر صورتحال واضح ہوجائے گی،مستونگ میں اس سے قبل دیگر دو اسکولوں کے ڈھائی سو سے زائد بچے بھی کیمکل اسپرے سے متاثر ہوئے تھے۔

سیکریٹری صحت حافظ ماجد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیموں نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ مضر صحت کیمیکل سپرے سے طالبات کو الرجی ہوئی ہے اب کونسا اسپرے اور کس نے کیا یہ معلوم کرنا متعلقہ حکام کا کام ہے۔ ڈپٹی کمشنر مستونگ ممتاز کھیتران کے مطابق طالبات کی تعلیم کے خلاف سازش سمیت مختلف پہلوؤں پر ان واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔