اندرون بلو چستان : یوم تکبیر پربلوچستان کے متعدد اضلاع نوشکی،نوکنڈی، کوہلو، ڈھاڈر،صحبت پور، مستونگ، سوئی، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ بگٹی، سبی، پشین، قلعہ عبداللہ ژوب سمیت دیگر اضلاع میں تقریبات کا انعقاد، ریلیاں نکالی گئیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے رہنماؤں و عہدیداروں نے کہاکہ ایٹمی دھما کوں نے وطن عزیز کے دفا ع کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔ یو م تکبیرپر بلوچستان کے ضلع چاغی کے بوائز ہائی اسکول میں تقریب منعقدہوئی جس میں طلبا نے ملی نغموں اور تقاریر کے ذریعے 28 مئی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقریب کے دوران باکسرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی برگیڈیئر راشد محمود نے کہا کہ یوم تکبیر ہمارے لئے فخر کا دن ہے۔
دالبندین میں یوم تکبیر کی مناسبت سے الفتح پینل نے ریلی نکالی، ضلع کوہلو میں قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بینک چوک سے ٹریفک چوک تک ریلی نکالی اور جلسے کا انعقاد کیا۔
شرکا نے قومی پرچم اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حق میں جبکہ بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی رہنما حاجی میر بہار خان اور عمر فاروق زرکون نے کہا کہ پاکستان کی حرمت کے لئے ہر پاکستانی مرنے کے لئے تیار ہے۔
28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑ راسکوہ میں ایٹمی دھماکے کرکے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ڈیرہ مرادجمالی یوم تکبیر پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ظفرعلی ایم شہی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ریلی میں نصیرآباد سے تعلق رکھنے والے سیاسی سماجی، قبائلی عمائدین اورآفیسران نے شرکت کی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنصیرآباد ظفرعلی ایم شہی نے کہاکہ پاکستان دشمن کی ہرجارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اب کسی میں جرت نہیں ہمیں سب کو مل کر اپنے ملک کی دفاع کیلئے عملی جدوجہد کرناہوگی،کوہلو میں اہلیان کوہلو کی جانب سے قبائلی رہنما حاجی میر بہار خان اور عمر فاروق زرکون کی سربراہی میں ریلی،ریلی بینک چوک سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ٹریفک چوک پر جلسے کی شکل اختیار کر گئی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
جن پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان،مملکت پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے،ریلی سے پورا شہر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے پرشگاف نعروں سے گونج اٹھا، ریلی کے شرکاء نے پی ٹی ایم اور منظور پشتین مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاکستان تحریک انصاف اور الفتح پینل نے الگ الگ ریلیاں نکالیں ریلیوں کے شرکاء سے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر پرنس قادر رخشانی،لیفٹننٹ کرنل محمد آصف،اسسٹنٹ کمشنر صوبان سلیم دشتی،انجمن تاجران کے صدر سعید بلوچ، جماعت اسلامی کے مولانا محمد قاسم مینگل،ملک عمران بادینی، ممتاز قبائلی رہنماء حاجی ادریس محمد حسنی نے خطاب کیا۔
ملک بھر کی طرح ڈھاڈر میں بھی یوم تکبیر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء وڈیرہ علی احمد رند کی قیادت میں شاہی چوک سے ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں فلگ شگاف نعرے لگائے اس موقع شرکاء سے وڈیرہ علی احمد رند، عبدالحئی گولہ،میر حاجی خان جتوئی اور دیگر نے خطاب کیا۔
صحبت پور میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے پارٹی آفس سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تک ریلی نکالی۔ریلی کی قیادت مسلم لیگ(ن)ڈویژن نصیرآبادکے جنرل سیکرٹری محمدحسین گولہ و ضلعی صدرمحمدعباس اقبال عباسی نے کی۔
ریلی میں پارٹی ورکرزنے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ریلی کے شرکاء سے ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمدحسین گولہ، ضلعی صدرمحمداقبال عباسی، جے یو آئی کے صوبائی رہنماء ٹکری عبدالرحمن پرکانی،حافظ،مولابخش بگٹی ودیگر نے خطاب کیا، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلو چستان عوامی پا رٹی کے سینئر رہنما ؤں بلو چستان امن کمیٹی قلا ت ڈویژن کے صدر میر رفیق لہڑی،مامانوراحمدبنگلزئی،سردار عبدالقیوم شاہوانی نے سراوان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے۔
اس دن پاکستان کے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا۔یوم تکبیر پر ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں بھی ریلیاں نکالی گئیں میر جان محمد بگٹی کی قیادت میں پاکستان ہاؤس سے نکالی جانے والی ریلی میں قبائلی عمائدین اور عوام بڑی تعداد میں شریک تھے۔
شرکاء سے میر جان محمد بگٹی اور وڈیرہ میاں خان موندرانی میر جمال کلپر ودیگر نے خطاب کیا،بارکھان، ڈیرہ بگٹی، سبی، پشین، قلعہ عبداللہ اور ژوب سمیت دیگر اضلاع میں بھی یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔