|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2019

کوئٹہ : کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ حملہ آور مارا گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالزاق چیمہ کے مطابق واقعہ تھانہ کیچی بیگ کی حدود کلی بڑو میں مدرسہ امدادیہ روڈ پر پیش آیا جہاں تین نامعلوم دہشت گردوں نے ایک سادہ لباس ٹریفک پولیس حوالدار پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ گھر جارہے تھے۔ فائرنگ سے ٹریفک حوالدار خدائے داد ولد غلام نبی شاہوانی اور ایک شہری عبدالمالک ولد عبدالخالق شاہوانی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایاگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور ایس ایچ او کیچی بیگ عبدالحئی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے دہشتگردوں کا تعاقب کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ایک دہشتگرد زخمی بھی ہوا جو اپنے دوسرے ساتھی کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے فرار ہونیوالے دونوں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

مارے جانیوالے تیس سے پینتیس سالہ دہشتگرد کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اس گردن اور چھاتی پر گولیاں لگی ہیں۔ جبکہ زخمی ہونیوالے ٹریفک حوالدار کو چھاتی اور بائیں ٹانگ میں دو گولیاں اور سویلین عبدالمالک کو دائیں ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے۔