مانچسٹر: ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم میں گروہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت سے شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کی کلاس لے لی، میچ کے بعد انہوں نے عماد وسیم، امام الحق، بابر اعظم اور وہاب ریاض پر اپنے خلاف گروپ بنانے کا الزام لگا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت سکتی تھی مگر کھلاڑیوں نے جان نہیں لڑائی، اس سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف بھی جیتی بازی گنوا دی تھی، اچھی طرح جانتا ہوں کہ کون ایسا کر رہا ہے“۔
کوچ مکی آرتھر اس دوران خاموش رہے البتہ بعد میں انہوں نے صرف ”کرکٹنگ“ معاملات پر ہی بات کی، ٹیم کے میڈیا منیجر رضا راشد نے کہا ہے کہ اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، قومی کرکٹرز سرفراز احمد کی قیادت میں متحد ہیں۔