کراچی: سندھ حکومت نے بیرون ملک فرار انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرلیا جس میں ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں بیرون ملک مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے اور ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ لیاری گینگ وار کے انتہائی اہم مطلوب ملزمان عزیر بلوچ،نورمحمد عرف بابا لاڈلا اور تاج الدین عرف استاد تاجو کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملزمان عزیر بلوچ،بابا لاڈلا اور تاج الدین انتہائی سنگین جرائم میں ملوث اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کومطلوب ہیں جبکہ ملزمان کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔ وزارت داخلہ سے درخواست کی گئی ہے کہ ملزمان خلیجی ریاستوں میں مفرور ہیں لہٰذا ان کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ان 3 مطلوب ملزمان میں سے نور محمد عرف بابا لاڈلا کے پاک ایران سرحدی بارڈر پر مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جبکہ سندھ حکومت نے ان تینوں ملزمان کے سروں کی قیمت بھی مقرر کررکھی ہے ۔