کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر وسینیٹرعثمان کاکڑ نے کہا کہ جب تک ملک میں آئین کی بالادستی نہیں ہوگی اس وقت تک کوئی بھی حکومت کامیابی سے ہمکنار نہیں ہونگے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے جمہوریت کے استحکام ترقی اور خوشحالی کیلئے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں جمہوریت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا صوبائی حکومت مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے پی ایس ڈی پی لیپس ہونے سے صوبے میں ترقیاتی عمل رک گیا پشتون علاقوں کو صوبائی بجٹ میں نظرانداز کیا گیا ان خیالات کا اظہارانہوں نے صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے پہلے بھی ملک میں جمہوری نظا م کے لئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے وفاق اور صوبہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے دونوں حکومتوں کا اختیار کسی اور کے پاس ہے۔
صوبہ میں جن لوگوں کو اقتدار حوالے کیا گیا ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ مراعات کے خاطر سیاسی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے انہوں نے کہا کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کی پروڈکیشن آرڈر فوری طورپر جاری کئے جائیں اگر ملک میں ایک کے لئے اور قانون ہے اور دوسرے کے لئے کوئی اور قانون ہے جس کو ہم نے پہلے بھی نہیں مانا اور آئندہ بھی نہیں مانیں گے کچھ قوتوں نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اگر ملک کو چلانا ہے تو جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر وسائل کو حل کریں گے کیونکہ موجودہ حکومت جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ملک کو چلانا ہے تو ان سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں جنہوں نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں۔
بدقسمتی سے یہاں پر ایسے لوگوں کو عوام پر مسلط کر دیاگیا جو نہ جمہوریت کو مضبوط کرتے ہیں اور نہ ہی عوام کے مفادات کے خاطر بات کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں جو بھی فیصلہ ہوا ہم ان کے شانہ بشانہ ہونگے تاہم جمہوری نظام کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے۔