|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2014

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ جیو ٹی وی کا معاملہ حل کرنے کا اختیار پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو دے دیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پیمرا ایک آزاد ادارہ ہے اور حکومت اس کی آزادی اور خودمختاری کو مضبوط اور برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ پرویز رشید کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب گزشتہ روز یعنی منگل کو پیمرا کے تین اراکین نے جیو ٹی وی نیٹ ورک کے تین چینلز جیو انٹرٹینمنٹ، تیز اور جیو نیوز کے لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا۔ تاہم پیمرا کے ترجمان نے تینوں ممبران کے فیصلے سےلاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ وزارت قانون نے پیمرا کے خط پر وزارت اطلاعات سے رائے مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیو کا معاملہ سیمی جوڈیشل معاملہ ہے اور اس معاملے پر پیمرا اتھارٹی نے بھی اپنا نکتہ نظر دے دیا ہے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ غلطی کو تسلیم کر لینا بڑی بات ہے تاہم معافی مانگ لینا بھی غلطی کا اعتراف ہی تصور کیا جاتا ہے۔ حکومت اور فوج کے تناؤ سے متعلق سوال وزیراطلاعات نے کہا کہ فوج کے ہاتھ میں پاکستان ک اپرچم ہے کسی سیاسی جماعت کانہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی عزت اور احترام کوتقسیم کرنے والوں سے بچناچاہیئے کیونکہ فوج ایک محترم ادارہ ہے۔