قلات: بلوچستان کے تاریخی شہرقلات کی تمام سڑکیں کھنڈارت میں تبدیل ہو گئے ہیں پورے شہر میں ایک بھی سڑک نہیں جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہو قلات کی ترقی کے دعوے توبہت کیئے جاتے ہیں مگر گزشتہ دس سالوں سے شہر کی سڑکوں پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔
شہر کی سڑکوں پر سفرکر نا کسی مہم جوئی سے کم نہیں قلات کے عوامی حلقوں انجمن تاجران کے صدر میر منیر احمد شاہوانی بی این پی عوامی کے سینئررہنماء حاجی عزیز مغل جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سیکریٹری اطلاعات مولانا محمد قاسم فاروقی اور دیگر کی جانب سے قلات کو یکسر نظر انداز کر نے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بنانے میں قلات کا اہم کردار رہا ہے۔
قلات وہ واحد ریاست تھا کہ جس نے قائد آعظم محمد علی جناح اور مادر ملت فاطمہ جناح کو سونے اور چاندی میں تولا تھا اور پاکستان بنانے کے لیئے رقم بھی فراہم کیئے تھے مگرآج بلوچستان کا وہ تاریخی شہر زندگی کی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے شہر کی سڑکوں پر گزشتہ دس سالوں سے ایک بھی پیسہ خرچ نہ ہونے کی وجہ سے پورے شہر کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہیں شہر میں ایک بھی سڑک نہیں جو سفر کے قابل ہوں۔
انہوں نے کہا ہیکہ قلات کی ترقی کے باتیں تو بہت کی جاتی ہیں مگر حقیقت اس کے برعکس ہیں انہوں نے کہا کہ قلات میں کھنڈرات میں تبدیل سڑکیں کسی مفتوحہ شہر کا منظر پیش کرنے لگی ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تاریخی شہر قلات کو یکسر نظر انداز کر نا ظلم کے مترادف ہے۔