تربت: یونیورسٹی آف تربت کے انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچرکے ڈائریکٹر اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسزپروفیسرڈاکٹرعبدالصبوربلوچ نے کہا ہے۔
کہ عہدحاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کا فروغ یونیورسٹی آف تربت کا نصب العین ہے جس کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کے زریعے تمام وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے تربت یونیورسٹی میں منعقدہ (Unfair Means Committee)یوایف ایم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں کنٹرولرامتحانات تنویر احمد، شعبہ سیاسیات کے چیئرمین چنگیز احمد، گورنمنٹ گرلزڈگری کالج تربت کے پرنسپل زہرہ موسیٰ اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شکیل احمد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹرعبدالصبوربلوچ کا کہنا تھا کہ یوایف ایم کمیٹی کے قیام کا مقصد تربت یونیورسٹی میں امتحانات کے صاف و شفاف انعقادکویقینی بناناہے۔
انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی کے زیراہتمام مین کیمپس، سب کیمپسزاور الحاق شدہ کالجز میں منعقد ہونے والے امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے علاوہ امتحانات کے دوران ناجائز اور غیرقانونی ذرائع کے استعمال کے تدارک لئے تربت یونیورسٹی نے اپنے قیام سے ساتھ ہی جامع منصوبہ بندی کی ہے جس کے نتیجے میں تربت یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات آج قومی و صوبائی سطح کے مقابلے کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے قومی ترقی میں خدمات سرانجام دینے کے علاوہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے مثبت سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
معاشرے میں نقل کے خاتمے کے سلسلے میں تربت یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کرنے پر انہوں نے کالجز کے سربراہان، والدین اور طلبہ وطالبات کے علاوہ تمام مکتبہ ہائے فکرسے وابستہ افراد کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کہ نقل کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے وہ آیندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ پروفیسرڈاکٹرعبدالصبوربلوچ کا کہنا تھا کہ یہ امرخوش آئیند ہے۔
کہ اس ریجن میں جدید اور معیاری اعلی تعلیم کے فروغ کے علاوہ تحیقی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے سلسلے میں تربت یونیورسٹی کی کارکردگی کو ملکی سطح پرسراہاجارہاہے۔ اس موقع پر مختلف امتحانات کے دوران مبینہ طورپرغلط ذرائع استعمال کرنے کے الزام میں امیدوار یا ان کے نمائندے کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جن کو سننے کے بعد کمیٹی نے یونیورسٹی قوائد وضوابط کے مطابق فیصلے کئے۔