لاہور: برسوں تک پاکستان فلم انڈسٹری پرراج کرنیوالی اداکارہ وہدایتکارہ ریما نے کہا ہے کہ ’’تکبر کرنے والا کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا‘‘۔
میری تمام ساتھی اداکارائیں مجھ سے بہتر ہیں لیکن وہ جس ’’کاغذ‘‘ کے پیچھے ہیں اس پرنمبر ہوتے ہیں جب کہ میں تحریر والا کاغذ تلاش کرتی ہوں۔ ہالی وڈ اسٹار انجلینا جولی کے ہونٹوں سے متاثر ہوکربہت سی اداکاراؤں نے اپنی شکل و صورت بگاڑ لی ہے۔ میں عمر کے کمپلیکس میں مبتلا نہیں ، لیکن بہت سی اداکارائیں ’’ نانیاں ‘‘ بن کربھی اپنی عمرچھپاتی ہیں۔ ڈاکٹرطارق شہاب 50 برس کے ہوگئے ہیں لیکن ان کے گالوں میں پڑنے والے ڈمپل مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔
ان کی شکل میں ایک بہترین جیون ساتھی مل گیا ہے، اپنی محبت اورعمل سے ڈاکٹرطارق کا دل جیت لیا ہے۔ ان کے ساتھ نجی زندگی بھرپوراندازسے بیتارہی ہوں۔ ان خیالات کااظہار ریما نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘ کو انٹرویو میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ شادی کے بعد ازدواجی زندگی بہت اچھے اندازسے گزررہی ہے۔ ڈاکٹرصاحب کو قابومیں رکھنے کے لیے کسی سہارے کی ضرورت نہیں ، ان کی ظاہری اور اندرونی شخصیت بہت اچھی اوربلند ہے۔
انھوں نے کہا کہ بطوراداکارہ اورہدایتکارہ کام کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں۔ میں نے اپنے سفرکے دوران بہت سے یادگارکردارادا کیے اور جب فلم انڈسٹری بحران کا شکار تھی توبطور ہدایتکارہ وپروڈیوسرفلمیں بنائیں جن کا بہتر رسپانس ملا۔ مستقبل میں بھی کچھ منفرد پروجیکٹ کرنے کا ارادہ ہے ، جس کے لیے کاغذی کارروائی جاری ہے اورجونہی ان کا پیپرورک مکمل ہوگا ، میں باقاعدہ شوٹنگ کاآغاز کرونگی۔ ایک سوال کے جواب میں ریما نے کہاکہ امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی سے ملاقات ہوئی اورمیں نے ان کا انٹرویوبھی کیا لیکن بطورمیزبان اگرشیخ رشید کاانٹرویو کرنے کا موقع ملے تووہ انٹرویو بہت یادگاررہے گا۔
میرا نام سنتے ہی ان کے چہرے پرجومسکراہٹ آجاتی ہے، اس بارے میں بھی حقائق سامنے آجائینگے۔ انھوں نے کہا کہ کتاب سے دوستی کے بعد زندگی میں خوبصورت تبدیلی آئی ہے۔ علم وادب سے لگاؤ نے شخصیت میں بہت نکھارپیداکیا ہے ۔ امریکا میں ہونے والی ادبی محافل میں شرکت کرتی ہوں جب کہ اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں خاص طورپرمجھے مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پربہت سی معروف ادبی شخصیات سے ملاقات ہوئی اورمجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔