|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2014

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو لاہور ہائی کورٹ کے سامنے بھائیوں کی جانب سے اینٹیں مار کر قتل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کرکے رپورٹ شام تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو لاہور ہائی کورٹ کے سامنے قتل کرنے والے مجرموں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی اور کیس کی تحقیقات سے متعلق آج شام تک رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ اندوہناک جرم ناقابل برداشت ہے اور خاص طور پر پولیس کی موجودگی میں لڑکی کا بہیمانہ قتل کسی صورت قبول نہیں ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ خاتون کو قتل کرنے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے اور اس گھناؤنے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے تحت سخت سزا دلائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کیس کی پیروی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پسند کی شادی کرنے والی جڑانوالہ کی رہائشی 25 سالہ فرزانہ بی بی 27 مئی کو اپنے شوہر اقبال کے حق میں بیان دینے لاہور ہائی کورٹ پہنچی تھی کہ وہاں اس کے بھائیوں نے سر پر اینٹیں مار کر قتل کردیا تھا۔