کوئٹہ: ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ سال20 -2019کے ترقیاتی پروگراموں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان ترقیاتی پروگراموں کی جلد تکمیل یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
تاکہ ان کے مثبت اثرات عوام تک پہنچیں اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ترجمان نے بتایا کہ صوبائی حکومت پیداواری شعبوں میں پیداوار کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے تاکہْ صوبائی خزانے کو فائدہ پہنچایا جا سکے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر دم کوشاں ہیں ان کی مخلصانہ اور عوام دوست کوششوں سے عوام کی مشکلات میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔
تعلیم،صحت،پانی اور انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ سمیت کئی اہم مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے،ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔
اس سلسلے میں کئی شاہراہوں کو کشادہ کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی پر بھی جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا تاکہ عوام کو نقل و حمل میں آسانی ہو۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی مثبت پالیسیوں کی بدولت عوام مثبت تبدیلی محسوس کرنے لگے ہیں اور عوام کی معاشی اور معاشرتی زندگی بہتری کی طرف گامزن ہو چکی ہے۔