|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میرلشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل پر پردہ ڈالنے سے مشکلات کم نہیں ہوں گی، وسائل پر اختیار دیا جائے بلوچستان سب سے خوشحال اورترقی یافتہ اکائی بن سکتا ہے۔

بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں ذاتی اور گروہی مفادات کی قربانی دینا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوئٹہ پریس کلب کے باہر قائم بلوچستان فارماسسٹس الائنس کے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں اجتماعی معاملات پر اپنے ذاتی اور گروہی مفادات کو ترجیح دینے والوں کی حکومت ہے۔

انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، بلوچستان کے تعلیم یافتہ طبقے کی جانب سے روزگار کے حصول کیلئے لگائے گئے احتجاجی کیمپ کو اکھاڑنے کا عمل قابل مذمت ہے۔جس صوبے نے پورے ملک کو سونے میں تولا ہے اس صوبے میں اپنے آئینی حقوق کیلئے بلند ہونے والی آواز کو دباکر مسائل پر پرداہ ڈالنے سے مشکلات کم نہیں ہونگی ان میں مزید اضافہ ہوگاایک دن آئے گا جب مسائل میں گھرے لوگ اپنے آئینی حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں گے اور انہیں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بدترین بیروزگاری اورسیکورٹی کی مد میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

صوبے میں ہونے والی دہشتگردی کے متعدد واقعات میں آج تک کوئی ایک ملزم زندہ نہیں پکڑا گیاجس سے ہمیں پتہ چل سکتا کہ ہمارے بھائیوں کا خون کس لیے بہایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدحالی کی وجہ انتشار ہے وسائل کی لوٹ مار کیلئے سازش کے تحت صوبے کے لوگوں کو سیاسی،مذہبی اورطبقاتی بنیادوں پر تقسیم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاغی میں 3سوارب روپے کے سونے چاندی اورتانبے کے ذخائرہیں وسائل پر اختیار دیا جائے۔

بلوچستان سب سے خوشحال اورترقی یافتہ اکائی بن سکتا ہے جو ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدحالی کے شکار صوبے کے 1کروڑ20لاکھ لوگ جن کا تعلق کسی بھی رنگ نسل،زبان طبقہ اورمذاہب سے ہے انہیں چائیے کہ وہ اپنے ذاتی وگروہی مفادات کو صوبے کے اجتماعی معاملات پر قربان کرتے ہوئے ا اتحاد واتفاق سے صوبے کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے احتجاج پر بیٹھے فارماسسٹس کو یقین دہانی کرائی کہ8ستمبر کو پارٹی کا اعلیٰ سط?حی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں ان کے مسائل کو زیر غور لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ہمیشہ مظلوم اور محکموم طبقات کی نمائندگی کی ہے پارٹی کے نمائندے فارماسسٹس کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی اور قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرینگے۔