تربت: یوم دفاع کے موقع پر ایف سی ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر میں پروقار تقریب، کشمیر ی مسلمانوں سے یکجہتی کااظہار،سیاسی و سماجی رہنما، عسکری و انتظامی افیسران سمیت طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی کثیر تعداد میں شرکت۔
یوم دفاع کے موقع پر جمعہ کو ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹر تربت میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خاص قائم مقام آئی جی ایف سی ساؤتھ بریگیڈئر رضوان بیگ تھے تقریب میں میجر جمال شیران شہید کے والد شیران سنگھور، ایم پی اے لالہ رشید دشتی۔
اے ڈی سی کیچ سراج کریم، اسسٹنٹ کمشنر تربت خرم خالد، چیف افیسر تربت شعیب ناصر، ڈی پی او میر حسین لہڑی، ڈی ایس پی ستار رونجھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات طارق الہی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر قدیر لقمان، چیف افیسر ضلع کونسل عبید بلوچ، پی این پی عوامی کے مرکزی سیکرٹری برائے فارن افیئر حاجی برکت رند، بی اے پی کے رہنما چیئرمین خورشید،بی این پی مینگل کے مرکزی رہنما ڈاکٹر غفور احمد بلوچ، میر حمل بلوچ،مسلم لیگ کے مرکزی نائب صدر نواب شمبے زئی،جیلر یاسین بلوچ، بی اے پی کے رہنما حاجی رستم،طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت عام شہریوں، سماجی شخصیات اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں طلبہ و طالبات نے افواج پاکستان کی قربانیوں اور 6ستمبر کے حوالے سے تقاریر پیش کیں جبکہ ایف سی ساؤتھ کی جانب سے مقررین اور شہداء کے لواحقین کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔اس موقع پر کشمیری مسلمانوں سے بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کیاگیا اور کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام آئی جی ایف سی برگیڈیئر رضوان بیگ نے کہاکہ افواج پاکستان اور شہریوں کی قربانیوں کے سبب بلوچستان میں لسانی و فرقہ وارانہ تعصب اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔
اور حالات کنٹرول میں آگئے ہیں، سی پیک جیسی اہم تجارتی سرگرمی سے نا صرف خطے کے معاشی حالات تبدیل ہو جائینگے بلکہ یہاں بیرونی سرمائیہ کاری آئے گی اور بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں مذید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کے قیام سمیت علاقے کی تعمیر و ترقی کی سرگرمیوں کے لیئے ایف سی، پولیس اور لیویز فورس نے کافی قربانیاں دی ہیں افواج پاکستان بشمول عوام دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں دفاع وطن اور ملکی ترقی کے لیئے فورسز ہر قسم کی قربانیوں کے لیئے تیار ہیں اور آخری سانس تک اپنے عوام کی ترقی اور وطن کی بہتری کے لیئے قربانیاں دیتے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس تقریب میں طلبہ و طالبات اور عام شہریوں کے جوش و جزبے سے یہ ثابت ہوگیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اپنے جزبوں سے ہم نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔تقریب میں مکران ملیشیاء سے تعلق رکھنے والے معمر سابق اہلکار حاجی مراد پرومی بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں ایف سی اسکول میں ایف سی، پولیس فورس اور لیویز کی جانب سے مختلف جنگی آلات اور سامان ضرب و عضب کی نمائش کی گئی۔
میڈیا کو جنگی آلات اور سامان کے بارے میں بریفنگ دی گئی اس دوران رسالدار میجر لیویز فورس سماعیل خالق موجود تھے جبکہ اے ڈی سی سراج کریم، اے سی خرم خالد اور چیف افیسر شعیب ناصرنے دورہ کر کے وہاں رکھے سامان کا جائزہ لیا۔ اس سے قبل صبح آٹھ بجے پٹانکھور میں شہید میجر جمال شیران کی قبر پر حاضری دی گئی، قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی اس موقع پر عسکری حکام و انتظامی افسران کے علاوہ ایم پی اے لالہ رشید دشتی، شیران سنگھور و دیگر شخصیات موجود تھے۔