لندن: متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کو لندن میں منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
الطاف حسین کو نارتھ ویسٹ کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا، ایم کیو ایم ایم کے قائد کو لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گرفتار کیا جہاں ان پر منی لانڈرنگ کے الزامات تھے۔
منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات گزشتہ ڈیڑھ سال سے کی جا رہی تھیں۔
ڈان نیوز کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو گزشتہ روز الطاف حسین کیس کے حوالے سے بریفنگ دی تھی اور انہیں گرفتاری کے حوالے سے قبل از وقت اطلاع دے دی تھی۔
الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہونا شروع اور کشیدگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
دوسری طرف خبر کے نشر ہونے کے ساتھ ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کی صورتحال دیھی گئی اور انڈیکس یکدم 800 پوائنٹس نیچے گر گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال برطانوی ٹیلیویژن بی بی سی 2 کے پروگرام نیوز نائٹ میں انکشاف کیا گیا تھا الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ اور تشدد پر بھڑکانے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے الطاف حسین کے دفتر پر دو سال قبل چھ دسمبر کو پولیس اینڈ کرمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت چھاپہ مارا تھا جہاں ان کے دوران دفتر سے نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت قبضے میں لی گئی تھی۔
اس کے بعد 18 جون 2013 کو شمالی لندن کے دو مکانات پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا کہ اور موقع پر بھی بھاری رقم قبضے میں لی گئی۔