|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2014

کراچی ( ظفراحمدخان ) لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی مسلح افراد شہر کی سڑکوں پر نکل آئے۔ ہوائی فائرنگ کر کے بازار اور دکانیں بند کرا دی گئیں۔ ملزمان نے مختلف علاقوں میں 17 گاڑیاں اور ایک ریلوے انجن کو آگ لگا دی۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ بعض مقامات پر مشتعل افراد کو رینجرز کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ رینجرز نے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث متحدہ کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ لندن میں الطاف حسین کی گرفتاری کی اطلاع ملنے کے کچھ ہی دیر بعد شہر میں مسلح افراد سڑکوں پر نکل آئے اور شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ بعض علاقوں میں ملزمان نے اسلحہ ظاہر کئے بغیر ہی بازار بند کرا دیئے یوں آدھے گھنٹے کے اندر شہر کے تمام بڑے چھوٹے تجارتی مراکز ، بازار اور دکانیں بند ہوگئیں۔ فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر 18میں گلبرگ چورنگی کے موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اسپارکو کی ہینو بس نمبر JB-0045کو رکوا کر اسے آگ لگا دی۔ اسی علاقے میں گلبرگ چورنگی سے واٹر پمپ کی طرف جانے والی سڑک پر سی این جی اسٹیشن کے قریب مسلح افراد نے ایک منی بس نمبر JB-3204کو آگ لگا دی۔ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ دو گاڑیوں کو آگ لگانے والے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کے قبضے سے پیٹرول سے بھرا کین اور اسلحہ بھی بر آمد ہوا ہے۔ ملزمان کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 147سے ہے تاہم انکے نام صیغہ راز میں رکھے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ انہیں مزید متعدد گاڑیوں کو جلانے کے احکامات دئے گئے تھے تاہم دو گاڑیوں کو آگ لگانے کے بعد ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ زیر حراست ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے ان سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مذکورہ دو افراد کو حراست میں لئے جانے کے حوالے سے پولیس اور رینجرز تصدیق نہیں کر رہی ہے۔ اسی دوران گلبرگ کے علاقے میں 5-Cچورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے ایک منی بس نمبر JE-8952کو آگ لگا دی۔ عائشہ منزل کے قریب مشتعل افراد نے جگہ جگہ ٹائر جلاکر روڈ بلاک کر دیا، اس دوران شاہراہ پاکستان سے گزرنے والی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا جبکہ رینجرز کے خلاف نعرے بازی کے ساتھ وہاں موجود اہلکاروں کو مغلزات بکیں جس پر رینجرز کے افسران نے مشتعل افراد کو تنبیہ کی تاہم باز نہ آنے پر رینجرز کے ساتھ مشتعل افراد کی جھڑپ ہوگئی، اس موقع پر رینجرز کی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا اور رینجرز نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کر دیا اور علاقے میں کسی ممکنہ گڑبڑ کے پیش نظر رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں ناصر جمپ کے قریب مسلح افراد نے واٹر ٹینکر نمبر CKO-430کو آگ لگادی۔ زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی چکرا گوٹھ کے قریب مسلح ملزمان نے لوڈر مزدہ ٹرک کو آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔ زمان ٹاؤن تھانے کی ہی حدود کورنگی نمبر ڈھائی کے علاقے میں الحسن اسٹاپ کے قریب نامعلوم ملزمان نے ایک ہائی ایس وین کو آگ لگا دی۔ کورنگی نمبر ڈھائی کے علاقے بنگالی پاڑہ کے قریب ریتی بجری کے ٹرک نمبر C-3578کو آگ لگا دی گئی۔ ادھر عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی نمبر 5کے علاقے میں ایک منی بس نمبر PE-1381کو آگ لگا دی۔ اسی تھانے کی حدود کورنگی نمبر 6کے علاقے میں کے ایل وین کو آگ لگا دی گئی۔ کورنگی صنعتی ایریا میں سنگر چورنگی کے قریب ایک کار کو آگ لگا دی گئی۔ شاہراہ فیصل پر شاہراہ فیصل تھانے کے قریب مسلح افراد نے ٹرک نمبر JH-8757 کو آگ لگا دی گئی۔ ایئر پورٹ تھانے کی حدود میں شاہراہ فیصل پر ناتھا خان پل کے قریب مسلح ملزمان نے ایک منی بس نمبر PE-6330 کو آگ لگا دی۔ اسی ہنگامہ آرائی کے دوران شاہراہ فیصل پر آنے والے مسلح افراد نے ریلوے لائن پر کھڑے انجن پر پتھراؤ کے بعد اسے بھی آگ لگا دی، پولیس کے مطابق آتشزنی کے نتیجے میں ریلوے انجن کا اگلا حصہ متاثر ہوا ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں کیفے پیالہ سے پیپلز چورنگی کی طرف جانے والی سڑک پر مسلح افراد نے کھڑے چنگ چی رکشوں کو آگ لگا دی۔ آتشزنی کے نتیجے میں تین رکشے جل گئے۔ سچل تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پیراڈائز بیکری کے قریب مسلح ملزمان نے ایک ٹرک کو آگ لگادی۔ اسی علاقے میں دکانیں بند کرانے والے افراد کی فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر اعجاز بلوچ زخمی ہوگیا، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بازار بند کرانے والے ملزمان علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس موبائل بھی فائرنگ کی زد میں آگئی تاہم پولیس نے کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔ پولیس کے مطابق زخمی پولیس افسر اعجاز بلوچ عباس ٹاؤن پولیس چوکی کا انچارج اور واقعہ کے وقت علاقے گشت کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا ہے۔ سچل تھانے کی حدود میں سہراب گوٹھ تھانے کے سامنے مسلح افراد نے ایک سوزوکی ہائی روف کو آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن اقبال میں پٹیل اسپتال کے قریب مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر کار سوار 33سالہ غلام نبی ولد جلیل خان زخمی ہوگیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران شاہراہ فیصل پر ناتھا خان پل سے فلکناز اپارٹمنٹ تک جگہ جگہ ٹائر اور پرانے فرنیچر کو شاہراہ فیصل پر رکھ کر آگ لگائی گئی جسکے باعث شاہراہ فیصل پر ٹریفک معطل ہوگئی، بعد ازاں رینجرز کی بھاری نفری کے موقع پر پہنچنے پر مشتعل افراد منتشر ہوگئے۔ ملیر سٹی کے علاقے میں ناد علی بس اسٹاپ کے قریب بھی مشتعل افراد نے جگہ جگہ ٹائر جلائے اور گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان اور ایئر پورٹ کے علاقے میں فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوگئی جنہیں جناح اسپتال لایا گیا تاہم معمولی زخمی ہونے کے باعث دونوں افراد طبی امداد کے بعد بنا پولیس کارروائی کے اسپتال سے چلے گئے۔ بنارس پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20سالہ عبداللہ ولد نواب خان زخمی ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیاں جلائے جانے کی اکثر وارداتوں میں ملزمان نے کیمیکل کا استعمال کیا ہے جبکہ بعض وارداتوں میں پیٹرول بھی استعمال کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔