|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2019

نوکنڈی: پاک ایران سرحد پہ واقع دوستانہ گیٹ زیروپوائنٹ کو ایرانی حکام نے دو طرفہ کاروباری سرگرمیوں کیلئے کھول دیا جس سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کیمطابق ایرانی حکام کی جانب سے آ ٹھ اگست کو دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو محرم الحرام اور سیکورٹی خدشات کی بنا پر بند کیا گیاتھا جس سے علاقے میں تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں اور لوگ نان و شبینہ کے محتاج ہو کر رہ گئے زیرو پوائنٹ کی بندش سے علاقے میں اشیاء کوخوردنوش کی قلت پیدا ہوگئی۔

مزدوروں کے علاوہ تاجر برادری سمیت دکانداروں نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کیا اور مقامی آبادی کے اکثریت نے روزگار کی حصول کیلئے دوسرے شہروں کا رخ کیا اوریہاں تک سبزی فروش،گیراج والے،ہوٹلز،ٹرانسپورٹ،نانبائی،دکاندار مسلسل زیروپوائنٹ کی بندش سے بری طرح متاثر رہے۔

اس دوران تاجر برادری،عوامی اور سیاسی حلقے زیروپوائنٹ کی بندش پرسراپا احتجاج رہے،مقامی انتظامیہ کیمطابق زیروپوائنٹ کی بندش پر سرکاری سطح پر بھی کوششیں کی تب جاکر ایرانی حکام نے پاک ایران سرحد پہ واقع تجارتی گیٹ زیروپوائنٹ کو دو طرفہ کاروبارکیلئے کھول دیا جسمیں ہفتے میں تین دن ایران کی جانب سے اشیا ء خوردنوش اور تین دن پاکستان سے سامان برآمد ہوگی۔

زیروپوائنٹ پہ کاروباری سر گرمیاں بحالی سے علاقے کی رونقیں واپس لوٹ آگئی،علاقہ مکینوں،تاجر برادری،دکانداروں نے ایرانی و پاکستانی حکام کو زیروپوانٹ پہ کاروباری سرگرمیاں بحالی پر خراج تحیسن پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیروپوائنٹ کے کھولنے سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے عوام کی مشکلات میں کمی آئیگی۔