|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان بھر کے آفیسران بے نامی جائیداد کا سراغ لگانے میں ناکام رہے، کوئی کیس سامنے نہیں آیا،بلوچستان حکومت کی ڈپٹی کمشنر ز اور ریونیو آفیسران کو بے نامی جائیداد کی تلاش کیلئے دی جانیوالی ڈیڈلائن تیس ستمبر کوختم ہوگی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تیس ستمبر تک بے نامی جائیداد کی تلاش کیلئے متعلقہ حکام کو30 ستمبر تک کی ڈیڈلائن دی تھی وفاقی حکومت کے فیصلہ کی روشنی میں بلوچستان حکومت نے بھی بلوچستان کے ڈپٹی کمشنر ز اور ریونیو آفیسران کو بے نامی جائیدادکا سراغ لگانے کے احکامات دئیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان سمیت ملک بھر میں بے نامی جائیداد کی تلاش کیلئے دی گئی ڈیڈلائن کی مدت پوری ہونے میں مزید تین دن باقی ہیں یہ ڈیڈ لائن 30 ستمبر کو ختم ہوجائیگی تاہم اس دوران بلوچستان کے انتظامی اور ریونیو افیسران صوبے میں بے نامی جائیداد کا کھوج لگانے میں ناکام رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بے نامی جائیداد سے متعلق صوبے بھر سے ابھی تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ کوئٹہ میں بھی بڑی شخصیات کی زیادہ تر جائیداد ان ہی کے نام پر پائی گئیں ہیں، ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز تیس ستمبر تک اپنی اپنی رپورٹ چیف سیکرٹری کو ارسال کردیں گے۔