|

وقتِ اشاعت :   September 29 – 2019

تربت: گرلز ڈگری کالج تربت میں غیر اعلانیہ اور طویل دورانیہ پر مشتمل لوڈ شیڈنگ کے خلاف طالبات کا ٹیچنگ اسٹاف کے ساتھ شدید احتجاج، ریلی نکال کر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا، ڈی سی کیچ کے ساتھ کامیاب مزاکرات کے بعد کیسکو نے مطالبات مان لیئے۔

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت میں کیسکو حکام کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل دورانیہ پر مشتعمل لوڈ شیڈنگ کے سبب طالبات اور کالج اساتذہ کے لیئے درس وتدریس میں مشکلات پیدا ہوگئیں، کالج میں صبح کلاسوں کے دوران لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہفتے کو طالبات نے کالج کی ٹیچنگ اسٹاف کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس تک ریلی نکال کر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجا دھرنادیااور کیسکو کے خلاف شدید نعرہ با زی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احتجاجی طالبات نے کہاکہ ایک عرصے سے کیسکو حکام نے گرلز ڈگری کالج تربت کو ٹارگٹ کررکھا ہے صبح کے وقت کلاسوں کے دوران اکثر بجلی بند کردی جاتی ہے اگر کسی دن لو ڈی شیڈنگ نا ہو تب بھی ٹرپنگ اور کم وولٹیج کے سبب بجلی نا ہونے کے برابر ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسٹاف اور طالبات دونوں کودرس و تدریس میں سخت مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کالج میں صبح کے وقت بجلی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پڑھائی محال ہوگئی ہے ایک کلاس میں کم از کم 100کے قریب طالبات ہوتی ہیں اس شدید گرمی میں بجلی کے بغیر ان کو پڑھانا یا طالبات کے لیئے دلجوئی کے ساتھ پڑھنا بے حد مشکل کام ہے،بجلی نا ہونے سے طالبات اور ٹیچرز گرمی سے نڈھال ہوتے ہیں ایسے میں ان کے لیئے پڑھنا یاپڑھانا نا ممکن ہے جب تک کلاسوں کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنک ختم نہیں کی جاتی گرمی میں بیٹھ کر طالبات کے لیئے پڑھنا اور کلاس لینا مشکل ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی سی کیچ کیسکو کو صبح کے وقت کالج میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بند کرنے کا پابند بنائیں تاکہ طالبات کو پڑھائی میں مشکل نا ہواگر کیسکو حکام نے لوڈ شیڈنک کا سلسلہ ختم نہ کیا تو طالبات مجبور ہو کر کیسکو آفس کا گھیراؤ کرینگے۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر کیچ خواجہ زیشان سکندر نے طالبات سے کامیاب مزاکرات کر کے کیسکو ایکسیئن سے بات کی اور انہیں کالج کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ بند کرنے کی ہدایت کی جس پر احتجاج ختم کردیا گیا۔ اس دوران اے ڈی سی کیچ سراج کریم، ڈی ای او کیچ میل حاجی اختر ایاز اور ڈی ای او فیمیل زمرد واحد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔