** مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر اپنے پلیٹ فارم پر میوزک سروسز فراہم کرنے کی غرض سے آڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ ساؤنڈ کلاؤڈ کو خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔**
انتہائی معتبر فائنینشل ٹائمز نے بات چیت سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مائیکرو بلاگنگ ٹوئیٹر اربوں ڈالرز مالیت کی کئی ڈیلز کا جائزہ لے رہا ہے، جن میں موسیقی کے حوالے سے مشہور سپوٹی فائی اور انٹرنیٹ ریڈیو پنڈورا میڈیا بھی شامل ہے۔
ساؤنڈ کلاؤڈ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے صارفین میوزک اور دوسری آڈیو فائلز اپ لوڈ، ریکارڈ، پروموٹ اور شیئر کر سکتے ہیں۔
ساؤنڈ کلاؤڈ ملٹی میڈیا مواد کے حوالے سے اپنی صلاحیتیں بڑھانے کی بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ حال ہی میں اس نے آسٹریلیا کی نئی میوزک سٹریمنگ سروس ‘ وی آر ہاؤنٹڈ’ کو خریدا ہے۔ اس سروس کو محض تین افراد چلا رہے تھے۔
ساؤنڈ کلاؤڈ نے ڈیل کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ ٹوئیٹر نے ای میل کا فوری جواب نہیں دیا۔
میوزک سٹریمنگ کمپنیوں میں ٹوئیٹر کی از سو نو دلچسپی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایپل نے جمی آیئیون اور ڈاکٹر ڈری کی ہیڈ فون اور میوزک کمپنی بیٹس کو تین ارب ڈالرز میں خرید لیا۔
آئی ٹیونز کی سیلز میں کمی کے بعد مبصرین بیٹس کی خریداری کو ایپل کی میوزک مارکیٹ میں بڑی سرمایہ کاری قرار دے رہے ہیں۔
پنڈورا میڈیا اور سپوٹی فائی نے بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کی ہیں جبکہ ایپل کا آٹھ مہینے پرانا آئی ریڈیو بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔