خضدار : چمن میں بم دھماکے میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمد حنیف اور دیگر افراد کی شہادت کے خلاف جے یو آئی کے مرکزی کال پر خضدار میں بھی احتجاجی ریلی نکال کر مرکزی آزادی چوک پر مظاہرہ کیا گیا۔
ریلی مرکزی جامعہ مسجد خضدار سے مرکزی سرپرست اعلیٰ مولانا قمر الدین کی قیادت میں برآمد ہو کر مختلف شاہراوں سے گزرتے ہوئے مرکزی آزادی چوک پر مظاہرہ کی شکل اختیار کی مظاہرین سے جے یو آئی کے مرکزی سرپرست اعلیٰ مولانا قمر الدین،ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی،رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری،مفتی عبدالقادر شاہوانی،مولانا محمد اسحاق شاہوانی،مولانا جلیل احمد محمد شہی،مولانا بشیر احمد عثمانی اور مولانا رحمت اللہ بارنزئی و دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ایک سازش کے تحت جمعیت علماء اسلام کے مرکزی قائدین کو نشانہ بنانے کا عمل شروع کیا گیا ہے جمعیت ایک پر امن اسلامی جماعت ضرور ہے مگر ہم ایسے سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کی بخوب صلاحیت رکھتے ہیں اور ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ قائد جمعیت کے فرمان کے مطابق ہم اسلام آباد لاک ڈاون میں ہر صورت شرکت کر کے موجودہ حکومت کے خاتمہ کر کے دم لینگے، ایسی سازشیں جمعیت علماء اسلام کو حق اور سچ کے راستے سے ہٹانے کے لئے ہو رہی ہے جنہیں ہم کامیاب ہونے نہیں دئینگے۔
مقررین نے کہا کہ حکومت کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ جید عالم دین اور جمعیت کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا محمد حنیف اور دیگر شہداء کے قاتلوں کی گرفتار کے لئے عملی اقدام اٹھائیں اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں یہ واقعہ ملک کو اندرونی طور پر خلفشار کی جانب لے جانے کی ایک مضموم کوشش ہے جمعیت کے کارکنان صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں اور مرکزی قیادت کے اعلانات پر پر امن طریقے سے عمل کریں۔
اس طرح کی سازشوں کو اللہ تعالیٰ کی سے ناکام بنایا جائے گا ریلی کے شرکاء حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پر امن طریقے سے منتشر ہو گئے