|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2019

کوئٹہ: بولان میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے انٹری ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کیخلاف متاثرہ طلباء کا کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ طلباء کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سالوں سے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسزکے انٹری ٹیسٹ میں مبینہ طورپربے ضابطگیاں ہورہی ہیں۔

اور ان بے ضابطگیوں کی وجہ سے ہزاروں طلباء کامستقبل داؤ پرلگاہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ میں پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل کے قوانین کوپامال کرکے طلباء کی محنت کوضائع کیا گیا ہے۔

اس موقع پر انہو ں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسزکے انٹری ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے احکامات جاری کرکے جھالاوان میڈیکل کالج لورالائی میڈیکل کالج کوفوری فعال کرے، اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلباء کیلئے میڈیکل سیٹوں میں اضافہ کرکے دیگر صوبوں کے طلباء کی طرح داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کیلئے سلیبس فراہم کیا جائے۔