|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2019

کوئٹہ : نیشنل بک فاؤنڈیشن کا کوئٹہ میں ممبرشپ کوٹہ کم پڑ گیا۔آفس کے سامنے لوگوں کی لائنیں لگ گئیں۔ کوٹہ ختم ہوجانے کی صورت میں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا،تفصیلات کے مطابق ذوقِ مطالعہ کو بڑھانے کے لیے نیشنل بک فاؤنڈیشن ہر سال ممبر شپ کا اعلان کرتا ہے۔ جس کے مطابق ممبران کو ممبرشپ کے حصول کے بعد 50فیصد رعایت پر کتابیں ملتی ہیں۔ بلوچستان میں اس وقت نیشنل بک فاؤنڈیشن کا واحد مرکز کوئٹہ میں ہے۔

ادارے کی جانب سے بلوچستان کی دی جانے والی کوٹہ اس سال 1200رکھا گیا تھا جو 20دن کے اندر پورا ہوگیا۔ مزید حصولِ ممبر شپ کے لیے جو بھی فرد ادارے کا رخ کرتا ہے تو اسے یہ کہہ کر مایوس کیا جاتا ہے کہ کوٹہ پورا ہو چکا ہے۔ بلوچستان میں مطالعے کا رجحان دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے۔ نوجوان اس رعایتی پیکج سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں مگر ادارے کی غیرمنصفانہ رویے سے نہ صرف نوجوان ممبرشپ کے حصول سے محروم ہوگئے ہیں۔

بلکہ دیگر صوبوں میں واقع نیشنل بک فاؤنڈیشن کا ایک فعال شکل موجود ہے کوئٹہ میں اس کا نظام آہستہ آہستہ بیٹھتا جا رہا ہے۔ ادارے میں عملے کی کمی کے باعث ممبران کو کارڈ کے حصول کے لیے متعدد بار چکر لگانا پڑا۔ اس موقع پر بعض نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد آفس شکایت درج کرا چکے ہیں مگر شکایت کا ازالہ نہیں کیا جا رہا ہے۔