خضدار: نیشنل پارٹی ضلع خضدار کے صدر عبدالحمید بلوچ سینئر رہنماء سابق میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نیشنل پارٹی خضدار کے جنرل سیکریٹری اشرف علی مینگل سینئر نائب صدر میر سلمان زہری عبدالوہاب غلامانی، بی ایس او پجار کے مرکزی جنرل سیکریٹری نادر بلوچ و دیگر نے خضدار پریس کلب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پارٹی پسے ہوئے طبقات، غریب عوام، کسان مزدور محنت کشوں کی نمائندہ جماعت ہے جب بھی عوام کی ترجمانی عوام کی سرپرستی کا مرحلہ آیا تو نیشنل پارٹی نے سب سے زیاد ہ صف اوّل کا کردار نباتے ہوئے عوام کی بہتر انداز میں رہنمائی کی، آج بھی ہم سمجھتے ہیں کہ خضدار میں عوام کی رہنمائی ان کی قیادت اور ان کے مسائل کے حل کی بے حد ضرورت ہے، عوام کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کیا جارہاہے۔
صحت، تعلیم، امن وامان کے حوالے سے عوام بے حد پریشانی اور کرب کے عالم میں ہے، محکمہ جات میں ملازمین کو تنگ کیا جارہاہے، میونسپل کارپوریشن کو ملازمین کے لئے نوگو ایریا بنادیا گیا ہے ایسے معاملات میں نیشنل پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ میدان میں آکر عوام کے شانہ بشانہ ان کی رہنمائی داد رسی کی جائے اورلوگوں کے ہم قدم بن کر ان کے استحقاق کے لئے جدوجہد کی جائے اس معاملے پر نیشنل پارٹی اپنا کردار ضرور نبہائے گی،آل پارٹیز ایکشن کمیٹی میں شمولیت کے لئے نیشنل پارٹی عوام کی ترجیحات کو مقدم رکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار پریس کلب میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہر و ضلع کے مسائل پر مفصل گفتگو کی۔ اس موقع پر بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل نادر بلوچ،بی ایس او کے سابق چیئرمین امین دوست بلوچ،رئیس بشیر احمد مینگل،مزدور رہنماء عبدالحمید کھیازئی،ریحانہ مینگل،عبدالوہاب غلامانی،محمد اکرم بلوچ، محمد انور رخشانی، محمد نعیم رخشانی، سمیت دیگر موجو دتھے،نیشنل پارٹی کے عہدیدار و سینئر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں خضدار میں رہزنی سراٹھارہی ہے امن وامان کے حوالے سے عوام کے خدشات میں اضافہ ہورہاہے، تاجر برادری بھی پریشانی سے دوچار ہے۔
علاج و معالجے کے حوالے سے عوام کو سہولیات نہیں مل رہی ہیں، ہسپتال میں ادویات و دیگر سہولیات کے حوالے سے کوئی انتظام نہیں ہے لوگ علاج کے لئے آتے ہیں اور مایوسی کے ساتھ وہاں سے نکل کر یا توگھروں کو بغیر علاج کے واپس چلے جاتے ہیں اور جن کی مالی حیثیت ہو وہ پرائیوٹ ہسپتالوں کا رخ کرجاتے ہیں، اسی طرح تعلیمی نظام بھی دگر گوں ہے،تعلیمی ادارے خستہ حال ہیں ناخواندگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے، جس کی وجہ سے ہمارے روشن مستقبل پرمنفی اثرات بڑھ رہے ہیں۔
انتظامیہ کی کار کردگی حوالے سے بھی عوام کے ذہنوں میں کافی سوالات جنم لے رہے ہیں ضلعی انتظامی آفیسران کو جانبداری سے نکل کر پورے خضدار کے عوام کے لئے یکساں اندازمیں اپنی ذمہ داریاں نبہانی چاہیئے۔قیام امن میں بھی کوتاہی و کمیاں موجود ہیں رہزنی میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے چوری و رہزنی ہورہی ہے ان سب کا تدار کو ہونا چاہیے اور امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کیئے جانے چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی ضلعی سطح پر تنظیم سازی ہوچکی ہے اورہم ان تمام معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں بھی عوام کو شکایت ہوگی اور عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی عوام کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کی جائیگی وہاں نیشنل پارٹی عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے سامنے آئے گی۔
انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز ایکشن کمیٹی خضدار میں موجود ہے تاہم عوام کے مسائل کے حل میں ان کا کوئی خاطر خواہ کردار نظر نہیں آرہاہے اس لیئے نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے اگر آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا حصہ بننے کا کوئی فیصلہ کیا جائیگا تو اس میں سب سے پہلے عوام کی ترجیحات کو شامل کرکے ایسا کوئی فیصلہ سامنے لایا جائیگا۔اس وقت عوام کی نگاہی نیشنل پارٹی پر مرکوز ہیں اور نیشنل پارٹی صحیح معنوں میں اپوزیشن اور عوام کی رہنمائی کا کردار نبہارہی ہے۔