ڈیرہ اللہ یار: بلوچستان حکومت کی ہدایت پر ڈیرہ اللہ یار میں مقیم افغان باشندوں کا ریکارڈ مرتب ہونا شروع ہوگیا ہے مختلف علاقوں میں سکونت پذیر افغان باشندوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرصہ دراز سے ملک بھر کی طرح ڈیرہ اللہ یار میں رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز ہوچکا ہے صوبائی حکومت کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیرہ اللہ یار میں موجود افغان باشندوں کا ریکارڈ مرتب کرنا شروع کردیا ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیرہ اللہ یار شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں خفیہ طور پر افغان باشندوں کی تلاش کرنے کے بعد انکے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جارہے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موجود افغان باشندوں نے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے قومی شانختی کارڈ بھی بنوا لیے ہیں جن میں سے بیشتر کے شناختی کارڈ نادرا سے تصدیق کروانے کے بعد بلاک کردیئے گئے ہیں جبکہ بعض افراد کے پاس اب بھی پاکستانی شناختی کارڈ موجود ہیں جس کی بنا پر افغان باشندے بلا روک ٹوک املاک کی خریداری بھی کررہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کے انخلاء کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں کے سلسلے میں افغان مہاجرین کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے جس کے بعد ان کے انخلاء کو عمل بھی شروع کیا جائیگا قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذمہ دار افسر نے بتایا ہے کہ بلوچستان بھر کی طرح ڈیرہ اللہ یار میں بھی افغان مہاجرین بڑی تعداد میں سکونت پذیر ہیں۔
جنہوں نے مقامی پختون باشندوں کی آڑ میں قومی شناختی کارڈ بھی بنوا لیے ہیں اور مختلف کاروبار کرنے کیساتھ ساتھ املاک کی خریداری بھی کررہے ہیں انکا مکمل ریکارڈ مرتب کرکے حکام کو ارسال کیا جائیگا تاکہ انخلاء کے وقت کوئی بھی افغان مہاجرین پاکستان میں رہ نہ جائے۔